پاکستان کرکٹ بورڈ کا بی سی سی آئی کو خط لکھنے کا فیصلہ

بدھ 26 اگست 2015 12:41

پاکستان کرکٹ بورڈ کا بی سی سی آئی کو خط لکھنے کا فیصلہ

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے بھارت کیساتھ سیریزکھیلنے کیلئے بھارتی بورڈ کوخط لکھنے کافیصلہ کرلیا۔خط بھارتی کر کٹ بورڈ کے سیکر ٹری انوراگ ٹھاکر کو لکھا جائے گا جس میں پاک بھارت سیریز کے ایم او یو کی یاد دہانی کرائی جائے گی اور سیریز کے انعقاد کیلئے حتمی جواب مانگا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اوربھارت کے درمیان جب کسی بھی کھیل کامیدان سجے تو دونوں ملکوں میں جوش و خروش اپنے عروج پر پہنچ جاتا ہے۔

اور جب بات ہو کرکٹ کی، توشائقین کی دیوانگی آخری حدوں کو چھونے لگتی ہے۔ لیکن کچھ عرصے سے بھارت کرکٹ کے میدانوں میں پاکستان کا مقابلہ کرنے سے بیزار نظر آتا ہے۔ اور طے شدہ معاملات سے بھی نظریں چرا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے لئے پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کوخط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان بھارتی بورڈ کے سیکرٹری انو راگ ٹھاکر کو خط لکھیں گے۔

جس میں طے شدہ سیریز کھیلنے یا نہ کھیلنے کے بارے میں حتمی جواب مانگا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام رواں ماہ کے آخر میں پی سی بی کو خط کا جواب دیں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کا انعقاد دسمبر میں ہونا ہے، جس کے لئے ایم او یو پر دستخط ہو چکے ہیں اور سیریز کاشیڈول بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ اگر بھارت نے کرکٹ سیریز نہ کھیلی تو ایم اویو کی خلاف ورزی ہوگی۔دونوں ملکوں کے درمیان آخری سیریزدو ہزارسات میں ہوئی تھی لیکن ممبئی حملوں کے بعد پاک بھارت سیریز کا انعقاد نہیں ہو سکا۔

متعلقہ عنوان :