سپاٹ فکسنگ سکینڈل ، تلخ یادیں بھلا کر آئندہ سال پاکستانی ٹیم انگلینڈ جائیگی

بدھ 26 اگست 2015 13:17

سپاٹ فکسنگ سکینڈل ، تلخ یادیں بھلا کر آئندہ سال پاکستانی ٹیم انگلینڈ ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی تلخ یادیں بھلا کرآئندہ سال پاکستانی ٹیم انگلینڈ جائیگی،6برس بعد مکمل سیریز کیلیے تین ماہ طویل ٹور کا آغاز جون کے آخر میں ہوگا،اس میں4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 رکھا گیا ہے، اس دوران آئرلینڈ سے بھی2 ون ڈے میچز کھیلے جائینگے۔ اگلے موسم گرما میں پاکستانی خواتین ٹیم بھی انگلش سرزمین پر ایکشن میں دکھائی دیگی۔

انگلینڈ کا اسکواڈ گرین کیپس کیخلاف میدان میں اترنے سے قبل سری لنکا سے سیریز میں ہتھیار چمکائے گا۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے آئندہ برس موسم گرما میں سری لنکا اور پاکستان سے ہوم سیریز کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے، 2010 کے انتہائی متنازع اور کرپشن ڈرامے سے بھرپور ٹور کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی بار انگلش سرزمین پر قدم رکھے گی، دونوں ممالک کے درمیان رواں برس اکتوبر میں یو اے ای میں شیڈول سیریز کا میزبان پاکستان ہے، جوابی ٹور اگلے برس جون میں ہوگا۔

(جاری ہے)

اس میں 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا جائیگا، انگلینڈ کا سمر سیزن سری لنکا کیخلاف سیریز سے شروع ہوگا جس میں وہ گذشتہ برس تین ٹیسٹ کی سیریز میں 0-1 اور ایک روزہ مقابلوں میں 2-3 سے ہونے والی شکست کا بدلہ لینے کی کوشش کریگا، آئی لینڈرز سے اس مرتبہ بھی تین ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا جائیگا۔ سری لنکن ٹیم 4 مئی کو انگلینڈ پہنچنے کے بعد6 جولائی تک وہاں رہے گی۔

پاکستانی اسکواڈ 29 جون کو انگلش سرزمین پر ڈیرے ڈالے گا، ٹور کا باقاعدہ آغاز سمرسٹ کیخلاف 3 جولائی کو سہ روزہ میچ سے ہوگا، دوسرا سہ روزہ میچ 8 جولائی سے سسیکس کے ساتھ شیڈول ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ لارڈز میں 14 جولائی سے شروع ہوگا، اسی وینیو پر 5 برس قبل کھیلے گئے ٹیسٹ میں سلمان بٹ، آصف اور عامر ملکی عزت کو اپنے پاوٴں تلے روندتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے، اب وہ اپنی سزائیں کاٹ کر ایک بار پھر اسی گرین کیپ اور گرین شرٹس کو جسم پر سجانے کے خواب دیکھ رہے ہیں جسے خود اپنے ہاتھوں سے پامال کرچکے۔

دوسرے ٹیسٹ کیلیے دونوں ٹیمیں اولڈ ٹریفورڈ کا رخ کریں گی جہاں پر میدان 22 جولائی سے سجے گا۔ 29 جولائی سے پاکستان ٹیم ووسٹرشائر کے خلاف دوروزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ تیسرا ٹیسٹ 3 اگست سے ایجبسٹن میں شروع ہوگا جبکہ11 اگست سے شروع ہونیوالے چوتھے میچ کی میزبانی اوول کو دی گئی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان 18 اور20 اگست کو آئرلینڈ سے ون ڈے میچز کھیلے گا۔

اس کے بعد انگلینڈ سے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 24 اگست سے ہونا ہے جو4 ستمبر تک جاری رہے گی۔ ٹور کے آخر میں 7 ستمبر کو اولڈ ٹریفورڈ میں گرین شرٹس انگلینڈ سے واحد ٹوئنٹی 20 میچ کھیلیں گے، پھر اگلے روز وطن واپس لوٹ آئینگے۔ موسم گرما میں پاکستانی ویمنز ٹیم بھی انگلینڈ کا دورہ کریگی، سیریزکے وینیوز اور شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔