سپین نے چیمپیئنز لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

بدھ 26 اگست 2015 13:43

سپین نے چیمپیئنز لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

بارسلونا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 26اگست۔2015ء) ویلنشیا کی ٹیم نے کوالیفائنگ میچ میں موناکو کو شکست دے کر چیمپیئنز لیگ کے گروپ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے جس کے ساتھ ہی چیمپیئنز لیگ میں اسپینش لیگ کی پانچ ٹیموں نے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ 2001ء کی چیمپیئنز لیگ رنر اپ ویلنشیا نے اس فہرست میں چیمپیئنز لیگ چیمپیئن بارسلونا، ریال میڈرڈ اور ایٹلیٹکو میڈرڈ کو جوائن کر لیا ہے جب کہ اس کے علاوہ سیویلا نے بھی ڈراز کی بدولت چیمپیئنز لیگ میں رسائی کا اعزاز حاصل کیا ۔

(جاری ہے)

یہ چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ 32 لیگ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں کسی ملک کی لیگ کی پانچ ٹیمیں شرکت کریں گی کیوں کہ اس سے قبل ہر لیگ کی چار ٹیمیں شرکت کی اہل ہوتی تھیں ۔ چیمپیئنز لیگ کے گروپ مرحلے کے لیے ڈراز جمعرات کو ہوں گے ۔ یاد رہے کہ چیمپیئنز لیگ میں پانچویں ٹیم کی مشولیت اس لیے ممکن ہو سکی ہے کیوں کہ یوئیفا نے اعلان کیا تھا کہ 14-2015ء کی یوروپا کپ کی فاتح بھی چیمپیئنز لیگ کا حصہ ہو گی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ سالوں سے سپین نے اپنی برتری ثابت کی ہے جہاں گزشتہ 7 میں سے 4 میں سپینش کلب لیگ کے فاتح رہے ہیں ۔