پاکستان اور قازقستان کا مشترکہ کمیشن اور فضائی سروس شروع کرنے پر اتفاق

بدھ 26 اگست 2015 15:42

آستانہ((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) پاکستان اور قازقستان نے مشترکہ وزارتی کمیشن ،تجارت اور اقتصادی تعاون سمیت فضائی سروس شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے ،بدھ کے روز وزیر اعظم نواز شریف قازقستان کے صدر نور سلطان نذر بایوف ملاقات کیلئے صدارتی محل پہنچے تو پرتپاک استقبال کیا گیا ،اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بھجوائے گئے،قازقستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے نوازشریف کو سلامی دی،وزیراعظم اور قازقستان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں پاک قازقستان تعلقات سمیت اقتصادی اور تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ قازقستان اسلامی ملک میرا دوسرا گھر ہے، پاکستان قازقستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،پاکستان قازقستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی اور تجارتی تعاون چاہتا ہے،قازقستان کی قیادت کے ویژن کو سراہتے ہیں، اس موقع پر صدر نور سلطان نذر بایوف نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ، آزادی حاصل کرنے کے بعد پاکستان واحد ملک تھا جس نے سب سے پہلے ہمیں تسلیم کیا ہے ،پاکستان میں معاشی اصلاحات قابل تعریف ہیں ،نواز شریف ملک کو ترقی کی جانب لیکر جارہے ہیں،پاکستان کے ساتھ دوستی کی قدر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ،دونوں سربراہان نے اپنے اپنے وفودکا فرداً فرداً تعارف بھی کرایا۔دونوں ملکوں نے تجارت ،معیشت ،توانائی ،سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ د ونوں ممالک نے مشترکہ وزارت کمیشن کی تشکیل پر بھی متفق ہوئے ہیں جو تجارت اور اقتصادی تعاون کا روڈ میپ تیار کریگا،دونوں ممالک کے درمیان تیل اور گیس کے شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے جبکہ دونوں ممالک کے سربراہوں نے فضائی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تاجروں کیلئے ویزہ کے حصول کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے مشترکہ تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے قازقستان کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاندار استقبال اور میزبانی پر قازقستان کی قیادت اور عوام کا شکر گزار ہیں،میں یہاں پاکستانی عوام کی طرف سے قازقستان کی عوام کیلئے محبت بھرا پیغام لایا ہوں،امن اور ترقی کیلئے قازقستان کا کردار قابل تعریف ہے جبکہ یہاں کا سیاسی استحکام اور سیاست بھی قابل تقلید ہے،تمنا ہے کہ برادر اسلامی ملک مزید ترقی کرے،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان نے تجارت،معیشت اورفضائی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے،ٹکسٹائل ،زراعت اور ادویہ سازی کے منصوبوں میں دونوں ملک مشترکہ تعاون کریں گے،وزیر اعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے پاکستان کا ایک انقلاب منصوبہ ہے، قازقستان کو منصوبے میں شمولیت کیلئے دعوت دی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ قازقستان پاکستان میں گیس اور پٹرولیم کی درآمد کرے ہم ان کو خوش آمدید کہیں گے،اس موقع پر قازقستان کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دی گئی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے،ہم پاکستان کی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں آزادی کے وقت سب سے پہلے مبارکباد دی ہے اور ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا تھا،پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے خطے میں امن کی کوششوں میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتے تھے اورمختلف منصوبوں میں مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :