پاکستانی سرزمین فن اور ثقافت کا گہوارا ہے،خطاطی اور فن سے تعلق رکھنے والے افراد ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، وزارت خارجہ کی جانب سے نایاب کتاب کی اشاعت قابل تحسین ہے، قرانی آیات کو خطاطی کے ذریعے بہترین انداز میں پیش کیا گیا،کتاب کے ذریعے دفتر خارجہ نے پاکستان کا تصور بہتر طریقے سے اجاگر کیا ، علمَ بالقلم کتاب پاکستان کی ثقافت اور تاریخ کی بہترین عکاس ہے،صدر مملکت ممنون حسین کاتقریب سے خطاب

بدھ 26 اگست 2015 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی سرزمین فن اور ثقافت کا گہوارا ہے۔ خطاطی اور فن سے تعلق رکھنے والے افراد ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔وہ دفتر خارجہ میں کتاب علمَ بالقلم کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہے تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے نایاب کتاب کی اشاعت قابل تحسین ہے۔

قرانی آیات کو خطاطی کے ذریعے بہترین انداز میں پیش کیا گیا۔ اس کتاب کے ذریعے دفتر خارجہ نے پاکستان کا تصور بہتر طریقے سے اجاگر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ علمَ بالقلم کتاب پاکستان کی ثقافت اور تاریخ کی بہترین عکاس ہے۔ انھوں نے کہا کہ فن ثقاقت کے میدان میں یہ کتاب نوجوانوں کے لیے رہنمائی فراہم کرے گی اور پاکستان کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوگی صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلامی اور پاکستانی ثقافت میں خطاطی کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

صادقین اور گل جی جیسے بہترین خطاط پاکستان میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ مہر گڑھ، سندھ اور گندھارا کی ثقافت پاکستان کا نام دنیا میں نمایاں کرتی ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے تمام فنکاروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ خطاطی کے فروغ کے لیے مختلف نمائشیں منعقد ہونی چاہیئں۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ فنکار مستقبل میں بھی اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں انھیں حکومت پاکستان کی سرپرستی حاصل رہے گی۔ تقریب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور وفاقی وزراء سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔