پاکستان بیلاروس کے ساتھ تجارت، معیشت، دفاع اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے،صدر مملکت ممنون حسین کی بیلاروس کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر مسعود خان راجہ سے گفتگو

بدھ 26 اگست 2015 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تجارت، معیشت، دفاع اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے۔وہ بیلاروس کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر مسعود خان راجہ سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے اْن سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ مسعود خان راجہ بیلاروس کے لیے پاکستان کے پہلے سفیر ہیں۔

اس موقع پر صدر مملکت نے بیلاروس کے ساتھ ٹیکسٹائل اور ٹریکٹر اسمبلی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ بیلاروس کے دوران ہونے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درا?مد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔

بہتر رابطے اور دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست فضائی روٹ قائم کرکے دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے عوامی سطح پر رابطوں، ثقافتی اور تجارتی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ علاقائی اور بین الاقوامی فورموں پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے کام کریں۔ صدر مملکت نے مسعود خان راجہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ بیلاروس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں کریں گے۔