کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری قیادت کے مشورے کے بغیر نہیں کیاجاسکتا،ساجد میر

پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں سے منحرف ہو چکا ہے بھارت کشمیریوں کا عرصہ حیات تنگ کرکے انہیں بھارت کے ساتھ الحاق کرنے پر مجبور کررہا ہے،کمانڈرجمیل الرحمن

بدھ 26 اگست 2015 18:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری قیادت کے مشورے کے بغیر نہیں کیاجاسکتا۔بھارت کی من مانی چل سکتی ہے اور نہ ہی اسکی ڈکٹیشن قبول ہے۔ پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں سے منحرف ہو چکا ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے متحدہ جہادکونسل کے سیکرٹری جنرل کمانڈر جمیل الرحمن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈرجمیل الرحمن نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کا عرصہ حیات تنگ کرکے انہیں بھارت کے ساتھ الحاق کرنے پر مجبور کررہا ہے۔ مگر ہم بھارت کا ریاستی جبر تو قبول کرسکتے ہیں مگر الحاق کا خواب پورا نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

ہم خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

حکومت پاکستان کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے کشمیراور کشمیری قیادت کے بغیر بھارت سے بات چیت سے انکار کردیا۔ ہم پاکستان او رپاکستان کی قوم کے کشمیریوں سے والہانہ محبت اور عقیدت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ بھارت پاکستان پر تین بار جنگی جارحیت کا مرتکب ہو چکا ہے‘ اسے دولخت کرچکا ہے اور اب اسی کشمیر پر تسلط جمائے رکھنے کی خاطر وہ باقیماندہ پاکستان کی سالمیت کے بھی درپے ہے۔

کشمیریوں کے اس عزم و استقامت سے ہی بھارت خوفزدہ ہے اور انہیں استصواب کا حق دینے سے گریزاں ہے کیونکہ استصواب کا فیصلہ بھارتی لیڈران کو دیوار پر لکھا نظر آرہا ہے۔یہ بھارتی ہٹ دھرمی یقیناً اقوام عالم سے ڈھکی چھپی نہیں‘ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا بھی بخوبی علم اور ادراک ہے جس کے حوالے سے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور خود یو این فوجی مبصرین کی رپورٹیں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے ریکارڈ پر ہیں اور پاکستان پر بار بار جارحیت کے ارتکاب اور اس حوالے سے آئندہ کے بھارتی عزائم بھی عالمی برادری کے نوٹس میں ہیں جن کی بنیاد پر علاقائی اور عالمی امن کو خطرہ کو خطرہ لاحق ہے۔

کمانڈر جمیل الرحمن نے کہا کہ پاکستان اپنے موقف پر ڈٹا رہے گا تو کوئی وجہ نہیں کہ عالمی دباؤ کے تحت بھارت کو دفاعی پوزیشن پر نہ لایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :