ن لیگ الیکشن ٹریبونل کے تمام فیصلوں کو تسلیم کرے۔این اے 89کا فیصلہ ہمارے حق میں آچکا ہے،عوام کے حقیقی منتخب نمائندوں کو کام کرنے دیا جائے،علامہ احمد لدھیانوی

بدھ 26 اگست 2015 20:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) اہلسنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے مطالبہ کیا ہے کہ ن لیگ الیکشن ٹریبونل کے تمام فیصلوں کو تسلیم کرے۔این اے 89کا فیصلہ ہمارے حق میں آچکا ہے۔عوام کے حقیقی منتخب نمائندوں کو کام کرنے دیا جائے۔ن لیگ عوام کے حقوق کو غصب نہ کرے۔تنظیم کے ترجمان کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق الیکشن ٹریبونل کے حالیہ تین فیصلوں میں ن لیگ کے امید واروں کوشکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس سے قبل بھی جھنگ کے حلقہ این اے 89پر ن لیگ کے شیخ اکرم کو الیکشن ٹریبونل نے نا اہل قراردے کر ان کے مد مقابل امید وار علامہ محمد احمد لدھیانوی کو اہل قرار دے کر قومی اسمبلی کا ممبر ڈکلیئر کردیا تھا جس پر ن لیگی نا اہل امید وار شیخ اکرم نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی تھی جس پر تاحال سپریم کورٹ نے کوئی فیصلہ نہیں سنایا ہے۔

(جاری ہے)

علامہ محمد احمد لدھیانوی نے حالیہ فیصلوں پر ن لیگ کی اکثریتی حلقوں کی جانب سے سپریم کورٹ نہ جانے کے بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کو چاہیے کہ الیکشن ٹریبونل کے تمام فیصلوں کو قبول کرے اور سپریم کورٹ میں دائر اپیلیں واپس لے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ شیخ اکرم جھنگ کی عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہ ڈالیں اور اپیل واپس لے کر اپنے دیگر نا اہل امیدواروں کی طرح الیکشن ٹریبونل کے فیصلہ کوتسلیم کریں تاکہ جھنگ کی عوام کے ووٹوں کا حق ادا ہو اورانصاف کے تقاضے پورے ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ ہمارے حق میں آچکا ہے اس لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنا وقت گزارنے کے مترادف ہے جس پرجھنگ کی عوام صبر کیے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ عوام کے حقوق غصب نہ کرے اور الیکشن ٹریبونل کے تمام فیصلوں کو کھلے دل سے تسلیم کرکے عوام کے حقیقی منتخب نمائندوں کو کام کرنے دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :