لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے پاکستان کے عوام کا مقدر نہیں ، چینی منصوبوں کی تکمیل سے 2017تک 5ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی، پاک چائنہ اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کی قیادت کے مشترکہ وژن کا ثمر ہے

وزیراعلیٰ پنجاب کی بیجنگ میں سرمایہ کار کمپنیوں، مالیاتی اداروں اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاسوں میں گفتگو پاکستان میں چین کے تعاون سے زیر تکمیل منصوبوں کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے،چین کے اعلیٰ حکام کی یقین دہانی

بدھ 26 اگست 2015 20:39

لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے پاکستان کے عوام کا مقدر نہیں ، چینی منصوبوں کی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے پاکستان کے عوام کا مقدر نہیں ہیں ، اﷲ تعالیٰ کے فضل اور چین جیسے دوستوں کے تعاون سے توانائی بحران پر قابو پا لیں گے،پاکستان میں چین کے تعاون پر مبنی توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے 2017تک تقریباً5ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔

وہ بدھ کو بیجنگ میں چین کی سرمایہ کار کمپنیوں، مالیاتی اداروں،قومی تعمیر کے محکموں اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاسوں کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان اور پاکستانی وفد میں شامل دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چین کی سرمایہ کار کمپنیوں، مالیاتی اداروں،قومی تعمیر کے محکموں اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاسوں کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ چین کے نائب وزیراعظم ژانگ ہاؤلی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی سے اقتصادی پیکیج پر مزید تیز رفتاری سے عملدرآمد ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین مختلف عالمی امور پر ہم خیال اور ہم آواز ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ بجلی فراہم کرنے والے چینی سرمایہ کاروں کو ادائیگیوں میں تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے خصوصی فنڈ مہیا کرکے چینی کمپنیوں کیلئے سرکلر ڈیٹ کا مسئلہ حل کر دیا ہے۔محمد شہبازشریف نے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور دونوں ملکوں کی قیادت کے مشترکہ وژن کا ثمر ہے اور چین کے صدر کے دورہ پاکستان سے دنیا بھر کو یہ پیغام ملا کہ پاک چین دوستی کو دنیا کی کوئی قوت گزند نہیں پہنچا سکتی۔

پاکستان اور چین کے مابین تعلقات سود مند معاشی روابط میں بدل چکے ہیں اور ہر گزرتے لمحے دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے- پاکستان کے عوام کو چین کی دوستی پر فخر ہے کیونکہ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کے لئے اربوں روپے کا اقتصادی پیکیج دیاہے-انہو ں نے کہا کہ چین کی مدد سے لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو بھگا کر دم لیں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج بیجنگ میں چینی کمپنی سائنوشور کے اعلیٰ حکام نے چین کی جانب سے توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں چین کے تعاون سے زیر تکمیل منصوبوں کے لئے وسائل میں کمی نہیں آنے دی جائے گی-دریں اثنا وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے بیجنگ میں نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے حکام سے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2017ء کے اختتام تک چینی تعاون سے کم از کم 5000 میگا واٹ بجلی کے منصوبے مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے ساتھ اس کی ترسیل کے منصوبے بھی یکساں طور پر اہم ہیں۔انہوں نے کہاکہ اقتصاد ی پیکیج کے ذریعے چین نے باہمی تعاون کی تاریخ رقم کی ہے۔