نریندر مودی کشمیر پر بات کرے تو میں پیدل چل کر آؤں گا ، سراج الحق

جمعرات 27 اگست 2015 13:33

سلاؤ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نریندر مودی مسئلہ کشمیر پر بات کرے تو میں پیدل چل کر آؤں گا۔مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام محض ایک خواب ہے ، نریندر مودی نے نہ صرف کشمیریوں بلکہ ہندوستان کے اندر مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں ، پاکستان اور آزاد کشمیر میں جماعت اسلامی کا رول کشمیر کی آزادی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری ہے ، روایتی پارٹیاں اور قیادتیں ناکام ہو چکی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلاؤ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم وزراء اور را کے چیف کے انکشافات کے بعد پاکستان کے حکمرانوں اور قوم کو کسی خوش فہمی میں رہنے کی بجائے کشمیرکی آزادی کے لیے ٹھوس حکمت عملی اور واضح پالیسی بنانا ہوگی،ہندوستان تحریک آزادی کشمیرکو سبوتاژ کرنے کے لیے تخریب کاری جیسی کاروائیوں کا خود انکشاف کررہاہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایٹمی طاقت ہے اس اعتماد کے ساتھ حکمران بھارت کو بے نقاب کریں۔انھوں نے کہاکہ برطانیہ میں تارکین وطن اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرکے برطانیہ کے ممبران پارلیمنٹس اور اہل دانش کو قائل کریں کہ وہ پارلیمنٹ سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں قراردادامنظور کریں اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیرکے اندر بڑے پیمانے پر مظالم کی مذمت کریں اور پارلیمنٹ میں اس پر بحث کروائیں۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر دونوں محاذوں پر بھرپور کردار ادا کررہی ہے کشمیرکی آزادی اور آزاد خطے میں نظام کی اصلاح ،جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے کہ آزا دخطے کو ایک ماڈل ریاست بنایا یائے ،عدل انصاف پر مبنی نظام قائم کیا جائے،میرٹ کی بنیاد پر تقریوں اور تبادلے ہوں،غریب اور امیر کے لیے قانون یکساں ہوں غریب اور امیر کے لیے ہسپتال ایک ہوں تعلیم ایک ہوقومی وسائل کا درست استعمال ہو،انھوں نے کہاکہ آزاد خطہ قدرتی دولت سے مالامال ہے مگر بدیانت قیادت نے سوائے لوٹنے کے اور کوئی کام نہیں کیا،جماعت اسلامی کوشش کررہی ہے لوٹ مار کے کلچر کو ختم کیا جائے اور اس کی جگہ دیانت داری کے کلچر کو عام کیا جائے۔

جماعت اسلامی نے آزاد کشمیرمیں تعلیم کے شعبے میں صحت کے شعبے میں اور خدمت کے شعبے میں تاریخی کام کیے ہیں اور ثابت کیاہے کہ ہمارے پاس سرکار کے وسائل ہوں تو آزاد کشمیرسے غربت ختم کردیں گے۔