خیبر پختونخو سکواش ایسوسی ایشن نے پشاور میں قومی اور صوبائی سطح کے ٹورنامنٹس کے سہ ماہی شیڈول کا اعلان کردیا

جمعرات 27 اگست 2015 15:27

خیبر پختونخو سکواش ایسوسی ایشن نے پشاور میں قومی اور صوبائی سطح کے ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)خیبر پختونخواسکواش ایسوسی ایشن نے پشاور میں قومی اور صوبائی سطح کے ٹورنامنٹس کے سہ ماہی شیڈول کا اعلان کردیا ہے جن میں 6قومی اور 3صوبائی سطح کے مقابلے شامل ہیں ان میں 2ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوچکاہے ۔اسکے علاوہ ایبٹ آباد میں انٹر نیشنل ٹورنامنٹ منعقد کرانے کیلئے بھی تیاری کررہے ہیں ،توقع ہے کہ اس میں کامیابی نصیب ہوگی ۔

ان خیالات کا ظہار خیبر پختونخواسکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان اور سیکرٹری احسان اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سپورٹس رائٹر ایسوسی ایشن کے صدر نادر خواجہ،ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ طارق محمودبھی موجودتھے ۔قمر زمان کا کہناتھاکہ سکواش کی دنیامیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا کھویاہوامقام دلانے کیلئے خیبر پختونخوامیں بھر پور کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

قمرزمان نے کہاکہ گزشتہ دوسالوں سے صوبائی حکومت کی جانب سے سپورٹس فنڈز مہیانہیں ہوئے تاہم اسکے باوجود صوبائی سکواش ایسوسی ایشن باقاعدگی سے شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹس منعقد کرارہی ہے رواں سہ ماہی میں7سے 10ستمبر تک نیشنل جونیئر سکوش چمپئن شپ جبکہ 28تا 30ستمبر خیبر پختونخواجونیئر ایونٹ کرایاجائیگا،جسمیں مرد وخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے ۔

آل پاکستان سینئر سکواش چمپئن شپ6سے10اکتوبر تک ہوگی،مرد خواتین پر مشتمل خیبر پختونخواجونیئر وسینئر سکواش چمپئن شپ 20سے 22اکتوبر تک منعقد ہوگی،بین الصوبائی جونیئرسکواش ٹورنامنٹ 3تا5نومبر ،آل پاکستان انڈر13،15جونیئر سکواش چمپئن شپ 23سے 26نومبر ،لڑکوں ولڑکیوں پر مشتمل انڈر19سکواش چمپئن یکم سے تین دسمبر تک ہوگی جبکہ اس سال کا آخری ایونٹ 22تا24دسمبر آل پاکستان سینئر سکواش چمپئن شپ پشاور میں کھیلی جائے گی۔

قمرزمان نے کہاکہ پرفارمنس کے لحاظ سے ملک کے چاروں صوبوں میں خیبر پختونخواسکواش ایسوسی ایشن کی کارکردگی بہتر رہی ہے اور اسی بناء پر پاکستان سکواش فیڈریشن نے صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کو پرائڈ آف پرفارمنس کی ٹرافی دیدی ہے جو کہ ایک اعزازکی بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری بھر پور خواہش ہے کہ بین الاقوامی سطح پر سکواش کو ایک مقام مہیاکرے جسکے لئے تمام تر کاوشیں کی جارہی ہے ۔