پاکستان سٹاک ایکسچینج قائم کر دی گئی

جمعرات 27 اگست 2015 16:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) کراچی ‘ لاہور اور اسلام آباد سٹاک ایکسچینجوں کو ضم کرکے پاکستان سٹاک ایکسچینج قائم کر دی گئی ہے اس سلسلے میں جمعرات کو اسلام آباد میں ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحق ڈار نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایک قومی سٹاک ایکسچینج کے قیام سے پاکستان کو سرمائے کی عالمی منڈیوں میں نیا مقام حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کو عالمی مالیاتی منڈیوں میں فعال اورمسابقتی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک مضبوط ، مستحکم اور معاشی لحاظ سے ایک خودمختار ملک بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔معیشت کی بحالی کے لئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معیشت میں استحکام کا اعتراف کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسحق ڈار نے کہا کہ وسط مدتی حکمت عملی کے تحت اب شرح نمو چھ سے سات فیصد تک لانے کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ تک بلند ترین سطح پر ہیں جو اس وقت ساڑھے اٹھارہ ارب سے اٹھارہ ارب 75 کروڑ ڈالر کے درمیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو بیس ارب ڈالر تک بڑھانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔توانائی بحران کے بارے میں اسحق ڈار نے اعتماد ظاہر کیا کہ دسمبر 2017 تک دس ہزار میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کر دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :