قائم مقام سپیکر کا رشید گوڈیل کے صاحبزادے کو ٹیلیفون ،رشید گوڈیل کی خیریت دریافت کی

جمعرات 27 اگست 2015 17:03

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء ) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے ممبر قومی اسمبلی رشید گوڈیل کے صاحبزادے کو ٹیلیفون کیا ۔قائم مقام سپیکر نے رشید گوڈیل کی خیریت دریافت کی اور انکی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ جاوید عباسی نے دہشت گردوں کے خلاف جرائت و بہادری کا مظاہرہ کرنے پر رشید گوڈیل کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک میں جمہوریت کے استحکام میں ان کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ رشید گوڈیل ایک زیرک سیاستدان اور پارلیمنٹ کے ایک متحرک ممبر ہیں، انہوں نے ملک میں عوام کو درپیش مسائل ،انسانی حقوق کے تحفظ اور عوامی فلاح و بہبودکیلئے پارلیمان میں آواز بلند کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ رشید گوڈیل بہت جلد صحت یاب ہوکر پارلیمان میں واپس آئیں گے اور اپنا فعال کردارجاری رکھیں گے۔رشید گوڈیل کے صاحبزادے نے قائم مقام سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ رشید گوڈیل کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ روبرو صحت ہیں ، تاہم ڈاکٹروں نے ان کامزید علاج بیرون ملک کروانے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو سکیں۔

اس سلسلے میں انہوں نے مرتضیٰ جاوید عباسی سے مدد فراہم کرنے کی درخواست کی۔قائم مقام سپیکر نے اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر ضروری انتظامات اور قانونی کاروائی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔