Live Updates

خیبر پختونخوا میں صنعتوں کے فروغ کیلئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات محض لالی پاپ ہے؛ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز

اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو صنعتوں کو بنک قرضے فراہم ،جی آئی ڈی سی کی رعایت اور کسٹم ڈیوٹیوں کو ختم کرے

جمعرات 27 اگست 2015 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں صنعتوں کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات محض لالی پاپ ہے ،اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو صنعتوں کو بنک قرضے فراہم کرنے ،جی آئی ڈی سی کی رعایت اور کسٹم ڈیوٹیوں کو ختم کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں آن لائن سے بات چیت کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے دہشت گردی سے متاثرہ خیبر پختونخوا کے صنعتکاروں کو جن مراعات کا اعلان کیا گیا ہے اس سے صوبے میں صنعتوں کے قیام میں کوئی مدد نہیں مل سکتی ہے ایف بی آر کی جانب سے جن صنعتوں کے لئے رعایتیں دی گئی ہیں ان کی زیادہ تر مشنری مقامی سطح پر تیار ہوتی ہے اور اسی طرح قبائلی علاقوں میں کوئی بھی صنعتکار سرمایہ لگانے کے حق میں نہیں ہے جس کی وجہ سے حکومتی مراعات کا خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلتا ہے انہوں نے انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا کے صنعتکاروں کو بنکو ں سے قرضوں کی فراہمی میں بے حد کمی ہوئی ہے گذشتہ 7سالوں میں بنکوں سے جانب سے فراہم کئے جانے والے قرضے 10فیصد سے کم ہوکر 1فیصد تک پہنچ گئے ہیں بنک خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی بجائے پنجاب میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں صنعتوں پر 5سالوں کے لئے صرف انکم ٹیکس کی چھوٹ دی گئی ہے اس کے علاوہ باقی ٹیکسوں پر کوئی رعایت نہیں ہے اور نہ ہی جی آئی ڈی سی معاف کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ خیبر پختو نخوا کے سرمایہ کاروں کو نہایت کم شرح منافع پر بنکوں سے قرضے فراہم کئے جائیں گیس سے چلنے والی تمام صنعتوں کو گیس ڈیویلپمنٹ سیس سے مستشنیٰ قرار دیا جائے اور دیگر مراعات فراہم کی جائیں ۔

`

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات