شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پمز میں شعبہ پیتھالوجی کی توسیع کے لئے نئی عمارت کا سنگ بنیاد

جمعرات 27 اگست 2015 18:35

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پمز میں شعبہ پیتھالوجی کی توسیع کے لئے نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ صدر مملکت کے سیکریٹری احمد فاروق اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم نے عمارت کے بارے میں مہمان خصوصی کو بریفنگ دی۔ عمارت پر 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔

8 ہزار مربع فٹ پر محیط عمارت تین منزلہ ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شعبہ پیتھالوجی کی توسیع سے سالانہ ایک لاکھ مریض استفادہ کر سکیں گے۔ عمارت میں مریضوں کی سہولت کے لئے تمام جدید سہولیات میسر ہوں گی۔ اس موقع پر صدر مملکت کے سیکریٹری احمد فاروق نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر توجہ دیئے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ماضي میں ان شعبوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، حکومت ان شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تعلیم اور صحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اور معاونت کریں گے۔