Live Updates

ایاز صادق اور صدیق بلوچ کے حلقوں میں عوامی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پرویز رشید

این اے 122اور این اے 154 پر عمرا ن خان کو بھاری مارجن سے شکست دینگے عمران خان اور جہانگیر ترین کو فرار کا راستہ نہیں دینگے،الیکشن کمیشن سے استعفی مانگنے کا بہانہ نہیں چلے گا ،وزیراعظم کی زیر صدارت سیاسی امور اور ضمنی انتخابات سے متعلق اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب عمران خان سے انتخابات جیتنے کی ہیٹرک مکمل کرکے دکھائیں گے،عمران خان کے ایمپائر کا پتہ نہیں تاہم ہمارے ایمپائر عوام ہے، احسن اقبال

جمعرات 27 اگست 2015 21:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے الیکشن ٹریبونل کی جانب سے حالیہ دو فیصلوں کے بعد ایاز صادق اور صدیق بلوچ کے خلاف عوامی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،حلقہ این اے 122 اور این اے 154 پر عمرا ن خان کو بھاری مارجن سے شکست دینگے۔عمران خان اور جہانگیر ترین کو فرار ہونے کا راستہ نہیں دینگے۔

الیکشن کمیشن سے استعفی مانگنے کا بہانہ نہیں چلے گا جبکہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان سے انتخابات جیتنے کی ہیٹرک مکمل کرکے دکھائیں گے۔عمران خان کے ایمپائر کا پتہ نہیں تاہم ہمارے ایمپائر عوام ہے،وزیراعظم نوازشریف کسی بھی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت سیاسی امور اور ضمنی انتخابات سے متعلق اجلاس کے بعد مشتر کہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے تمام وزراء و رفقاء شریک تھے،اجلاس میں متفقہ طور پر حتمی فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) الیکشن ٹریبونل کی جانب سے حالیہ 2حلقوں این اے122 اور این اے 154 پر مبینہ دھاندلی کے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدلیہ سے حکم امتناعی کی بجائے عوام کی عدالت سے رجوع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنی سچائی کی امید ہے تو راہ فرار اختیار نہ کریں اور یہ بہانے نہ بنائیں کہ الیکشن کمیشن کے ارکان مستعفی ہوجائیں،اسی الیکشن کمیشن کے تحت خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات اور ہری پور میں ضمنی انتخاب ہوا اور اس الیکشن کمیشن کے انتخابات کو تسلیم بھی کرتے ہیں اور استعفیٰ بھی طلب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لوگ گمراہ کر رہے ہیں وہ حکومت کے خلاف سازشی تقاریر کر رہے ہیں،حکومت نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا عمران خان کو چاہئے تھا کہ وہ اس پر حکومت کا ہاتھ مضبوط کرتے،وہ حکومت کے خلاف دھرنے دینے کے سازش پر چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ صدیق بلوچ کے بجائے ان کے بیٹے کو(ن) لیگ کا ٹکٹ دیا جائے گا۔م اس موقع پر وفاقی وزیر منصو بہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کل سے عمران خان ہٹرک کی بات کر رہا ہے ہم عمران خان سے انتخابات جیت کر ہٹرک مکمل کریں گے،(ن) لیگ ایک ہی تھرڈ ایمپائر کو جانتی ہے وہ ہے عوام، جبکہ عمران خان کے تھرڈ ایمپائر کا پتہ نہیں کہ وہ کون ہے،ہم پاکستان کے عوام کے پاس جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ2018ء تک حکومت نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ،انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے،بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے،کراچی کو پرامن شہر بنانے کا عزم کر رکھا ہے اس سے ہمیں کوئی نہیں ہٹا سکتا،دھرنا دینے سے ہمارے ترقیاتی اہداف کی رفتار میں کمی نہیں لائی جاسکتی بلکہ مزید اس میں اضافہ ہوگا،ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کے پچھلے انتخابات سے چارگنا زیادہ ووٹ ملے ہیں

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات