نیب کو ملک سے کرپشن اور بدانتظامی کے خاتمے کی ذمہ داری دی گئی ، نیب کے نئے بھرتی ہونے والے افسران کو میرٹ پر شفاف انداز میں منتخب کیا گیا

قائمقام چیئرمین نیب ریئر ایڈمرل ریٹائرڈ سعید احمد سرگانہ کانئے بھرتی ہونے والے تحقیقاتی افسران سے خطاب

جمعرات 27 اگست 2015 22:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) قائم مقام چیئرمین قومی احتساب بیورو ریئر ایڈمرل ریٹائرڈ سعید احمد سرگانہ نے کہا ہے کہ نیب کو ملک سے کرپشن اور بدانتظامی کے خاتمے کی ذمہ داری دی گئی ہے، نیب کے نئے بھرتی ہونے والے افسران کو میرٹ پر شفاف انداز میں منتخب کیا گیا ہے، نیب کے افسران نہ صرف ملازمت بلکہ قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

جمعرات کو انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج سہالہ کا دورہ کیا اور نیب کی طرف سے نئے بھرتی کئے گئے تحقیقاتی آفیسر کے تربیتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ و ریسرچ نے گریڈ 16 سے 18 تک بھرتی ہونے والے 113 نئے تحقیقاتی افسران کے پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں جاری بنیادی بھرتی کورس 2015ء کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت کی روشنی میں پہلے کورس کے مسودہ جات نیب کے تمام ریجنل اور نیب ہیڈ کوارٹر کے تمام ڈویژنز اور ونگز کو بھجوائے گئے تاکہ اس پر ان کا موقف اور فیڈ بیک لیا جا سکے۔

اس مشق کے نتیجہ میں ان نئے بھرتی ہونے والے افسران کیلئے اس تربیتی کورس میں دور حاضر کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری تبدیلیاں کی گئیں جبکہ لاء انفورسمنٹ گورنمنٹ ورکنگ، لاء انوسٹی گیشن، وائٹ کالر کرائمز اور پریونشن رجیم ٹریننگ موڈیولز میں شامل کئے گئے۔ ایک معیاری نصاب تمام تحقیقاتی افسران کی استعداد کار میں اضافے کے کورس کے طور پر تشکیل دیا گیا تاکہ نیب اپنے ایس او پیز، قانون اور قواعد کے معیار حاصل کر سکے۔

ریئر ایڈمرل (ر) سعید احمد سرگانہ نے نئے بھرتی ہونے والے تحقیقاتی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موثرکارکردگی کیلئے یہ تربیت ایک بنیادی نکتہ ہے جس سے نہ صرف نیب کے ان افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا بلکہ انہیں جدید اسلوب اور قوانین سے آگاہی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تربیت انسانی صلاحیتوں کو ثمر آور بنانے اور عملی استعداد بڑھانے کیلئے ایک موثر ہتھیار ہے۔

قائم مقام چیئرمین نے کہا کہ نیب کو ملک سے کرپشن اور بد عنوانی کے خاتمے کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ اس مینڈیٹ پر موثر عملدرآمد سے انسانی وسائل اور پیشہ وارانہ قابلیت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ قائم مقام چیئرمین نے کہا کہ نیب نے میرٹ پر شفاف عمل کے ذریعے بہترین تحقیقاتی افسران کا چناؤ کیا ہے۔

انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے تربیتی پیریڈ کے دوران جانفشانی سے کام کریں کیونکہ نیب کے ساتھ کام صرف ملازمت نہیں بلکہ قومی فریضہ ہے، بعد ازاں انہوں نے پولیس ٹریننگ سہالہ کے ہاسٹل اور کیفے ٹیریا سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور نیب کے تحقیقاتی افسران کے پیشہ وارانہ تربیتی پروگرام کے انتظامات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :