جونیئر اسکواش، پاکستان مسلسل پانچویں بار ایشین چیمپئن بن گیا

جمعہ 28 اگست 2015 12:44

جونیئر اسکواش، پاکستان مسلسل پانچویں بار ایشین چیمپئن بن گیا

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) پاکستان مسلسل پانچویں بار ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن بن گیا، اسرار احمد نے فائنل میں ملائیشیا کے این جی یان یاؤ کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے زیر کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔تفصیلات کے مطابق ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا 21 واں ایڈیشن ایران کے دارلحکومت تہران میں ختم ہوگیا، انڈر 19 کیٹیگری کے فائنل میں پاکستانی جونیئر اسٹار اسرار نے ملائیشین حریف این جی یان یاؤ کوسخت مقابلے کے بعد 3-2 سے مات دی۔

ابتدائی گیم میں اسرار کو 7-11 سے شکست ہوئی۔اگلے دونوں گیمز میں انھوں نے 11-7 اور 13-11 کی فتح کے ساتھ 2-1 کی برتری حاصل کرلی، چوتھے گیم میں ملائیشین پلیئر نے شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے 11-8 کی فتح کے ساتھ مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا، فیصلہ کن گیم میں اسرار احمد نے حریف کھلاڑی کی ایک نہ چلنے دی اور11-6 سے کامیابی کے ساتھ پاکستان کو مسلسل پانچویں ایشیا کا چیمپئن بنا دیا۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ ایونٹ میں انڈر 13،15،17 اور انڈر 19 کے مقابلے ہوئے۔ان میں پاکستان کے صرف ایک ہی کھلاڑی نے شرکت کی اور وہ بھی فاتح رہا۔ انڈر 19 مقابلوں میں عاصم خان کو بھی شرکت کرنا تھی لیکن ایونٹ کے آغاز سے چند روز قبل قومی اسکواش فیڈریشن نے انھیں ایران نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2011 میں پاکستان کے دانش اطلس خان نے فائنل میں ہم وطن علی بخاری کو مات دے کر ٹائٹل حاصل کیا تھا، 2012 میں علی بخاری نے فیصلہ کن معرکہ میں کویت کے احمد السراج کو زیر کیا۔ 2013 میں دانش اطلس فاتح رہے۔گذشتہ ایونٹ میں قومی اسٹار طیب اسلم نے بھارتی کش کمار کو زیر کرتے ہوئے پاکستانی ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔