اسلامی اصولوں پر مبنی جدید ترین سوشل میڈیا ویب سا ئٹ”' مسلم فیس“کی لانچنگ کر دی گئی

جمعہ 28 اگست 2015 13:02

اسلامی اصولوں پر مبنی جدید ترین سوشل میڈیا ویب سا ئٹ”' مسلم فیس“کی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) اسلامی اصولوں پر مبنی جدید ترین سوشل میڈیا ویب سا ئٹ”' مسلم فیس“کی لانچنگ کر دی گئی۔” مسلم فیس“ کی اہم خصوصیات میں مختلف زبانوں میں ترجمہ کی صلاحیت، اسلامی اقدار کی پاسداری، غیر شرعی اور غیر اخلاقی مواد کی ممانعت ، اوقات نماز پر سکرین الرٹ اور نزدیکی مساجد ، ریستوران، تفریخی مقامات اور دیگراہم مقامات کی رہنمائی کا موجود ہونا ہے ۔

مسلم دنیا کی پہلی کامیاب سوشل میڈیا ویب سائٹ بیک وقت جدید ترین اور اسلامی سماجی اصولوں کے مطابق بنائی گئی ہے۔اس سائیٹ کا لنک https://www.muslimface.com رکھا گیا ہے۔ ویب سائٹ پر سوشل میڈیا یوزرز کی دلچسپی کے مطابق نت نئی آن لائن گیمز اور دیگر سہولیات بھی موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

جدید سوشل میڈیا ویب سائٹ چار سال کی محنت سے تیار کی گئی جسے دنیا بھر میںآ زمائش کے بعد صارفین کے استعمال کے لئے پیش کر دیا گیا ہے ۔

مسلم فیس کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم فیس کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے ابتدائی 6ہفتوں میں گیارہ لاکھ مسلمانوں نے استعمال کیا اورمسلم فیس کے صارفین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعدادسے امید ہے کہ بہت جلد "فیس بک" کو ایک مقابلے کا سامنا ہو گا۔

اس ویب سائٹ پرکام کا آغاز2010 میں فیس بک پر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد نوجوان مسلمان آئی ٹی ماہرین کی جانب سے کیا گیا۔

چار سال کی محنت کے بعد اسلامی سماجی اصولوں کی روشنی میں بنائی جانے والی یہ سوشل میڈیا ویب سائٹ دنیا بھر میں تیزی سے مقبولیت پا رہی ہے۔مسلم فیس کے بانی رکن شعیب کا کہنا ہے کہ یہ ویب سائٹ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ دیگر مذاہب کے پیروکار وں کے لئے بھی ایک کھلا فورم ہے جو اپنے اہل خانہ اور بالخصوص بچوں کو سوشل میڈیا پر موجود غیر اخلاقی مواد سے دور رکھنا جاہتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم خالصتاً ایک ٹیکنالوجی کمپنی ہیں اور علاقائی سیاست سے ہمارا کو ئی لینا دینا نہیں اورمسلم فیس کا مقصد سماجی رابطے کے لئے صاف ستھری اور صحت مند سہولت فراہم کرنا اور اسلام اور مسلمانوں کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مستند دینی، علمی اور تاریخی معلومات کا ذریعہ مہیا کرنا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امید کی جا رہی ہے کہ بہت جلد اس ویب سائٹ پر دنیابھر سے نا صرف مستند مذہبی سکالرز موجود ہوں گے بلکہ اس سے سوشل میڈیا کے ذریعے کئے جانے والے اسلام مخالف مواد اور منفی پراپیگنڈہ کا تدارک بھی ممکن ہو سکے گا ۔

متعلقہ عنوان :