سرحدی کشیدگی کے باعث پاک بھارت سیریز ملتوی ہونی چاہیے، شعیب اختر

جمعہ 28 اگست 2015 14:36

سرحدی کشیدگی کے باعث پاک بھارت سیریز ملتوی ہونی چاہیے، شعیب اختر

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 28اگست۔2015ء) سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے پاک ، بھارت سرحدی کشیدگی کے پیش نظر دونوں ممالک میں کرکٹ سیریز ملتوی کرنیکی تجویز پیش کردی ۔ دبئی میں سپرائٹ کرکٹ سٹارز ٹورنامنٹ کی پرموشن کیلئے موجود شعیب اختر کا کہنا تھا کہ سرحدوں کے موجودہ حالات سیریز کو ملتوی کرنے کیلئے کافی ہیں ۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو معلوم ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے لیکن بدقسمتی سے سرحدوں پر صورتحال بہت کشیدہ ہے اور اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ سیریز نہیں ہونی چاہیے ۔

40 سالہ فاسٹ باولر کے مطابق حالات میں بہتری آنے اور سرحدی کشیدگی کم ہونے سے کرکٹ تعلقات میں بہتری آسکتی ہے ۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ٹیمیں دنیا کی بہترین ٹیموں میں شمار کی جاتی ہیں اس لیے اگر کرکٹ میں دلچسپی برقرار رکھنی ہے تو یہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے کھیلے بغیر نہیں رہ سکتیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستانی اور ہندوستانی بورڈ کے درمیان ایک معاہدے کی یادداشت کر دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت پی سی بی نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سے دسمبر میں دوطرفہ سیریز کھیلنے کی درخواست کی تھی ۔

مفاہمت کی یادداشت کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 2023ء تک 6 مکمل کرکٹ سیریز کھیلی جانی ہیں جن میں سے 4 کی میزبانی پاکستان کو کرنی ہے ۔ اسی پروگرام کے تحت ہندوستان کو پاکستان سے 2 ٹیسٹ اور 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے جس کی میزبانی ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات کرتا ۔