ایف آئی اے 2دن میں سندھ سے واپس چلی جائے، وزیراعظم نے کراچی آپریشن کی ذمہ داری مجھے سونپی ہے، کیا بدعنوانی صرف سندھ میں ہے اور کہیں نہیں؟ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری سے قبل آگاہ نہیں کیا گیا ، ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری سندھ پر حملہ ہے، سندھ میں بدانتظامی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے افسوس ہے میری قیادت نے ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر مجھے ذمہ دار ٹھہرایا، نیب سندھ میں بھی فعال ہے

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی شاہراہ فیصل پر مہران انڈر بائی پاس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 28 اگست 2015 18:59

ایف آئی اے 2دن میں سندھ سے واپس چلی جائے، وزیراعظم نے کراچی آپریشن کی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف آئی اے 2دن میں سندھ سے واپس چلی جائے، وزیراعظم نے کراچی آپریشن کی ذمہ داری مجھے سونپی ہے، کیا بدعنوانی صرف سندھ میں ہے اور کہیں نہیں؟ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری سے قبل مجھے نہیں بتایا گیا، ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری سندھ پر حملہ ہے، سندھ میں بدانتظامی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے افسوس ہے میری قیادت نے ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر مجھے ذمہ دار ٹھہرایا، نیب سندھ میں بھی فعال ہے۔

وہ جمعہ کو شاہراہ فیصل پر مہران انڈر بائی پاس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی صرف کراچی میں نہیں پورے ملک میں ہے تو کیا بدعنوانی پھر صرف سندھ میں ہے، جہاں پر ہمارے رہنماؤں کو بغیر بتائے گرفتار کیا جا رہا ہے، کیا یہ جنگل کا قانون ہے جسے دل چاہے پکڑ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم ایک دن پہلے ملے، میں نے انہیں کھانا کھلایا لیکن دوسرے دن مجھے نہیں معلوم انہیں حراست میں لے لیا گیا، ان کی گرفتاری پر ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر کراچی سے بات کی ہے کہ ڈی جی رینجر میرے انڈر کام کر رہی ہے، ڈاکٹر عاصم کو پکڑنے سے پہلے مجھے بتانا چاہیے تھا، میری لیڈر شپ نے مجھے ذمہ دار ٹھہرایا جس کا بہت افسوس ہوا اور کہا صوبائی معاملات میں مداخلت کرنا ایف آئی اے کا کام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کرپشن ختم کرنے کی ذمہ داری مجھے سونپی ہے، اس قسم کی کوتاہیوں کا سدباب کیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے بھی کہا ہے کہ آپ نے کیوں سندھ پر حملہ کیا ہے جبکہ آپ نے آپریشن کی ذمہ داری مجھے سونپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت ٹھیک نہیں وہ ضرور وطن واپس آئیں گے، میں منتخب نمائندہ ہوں، کابینہ میرے ساتھ ہے۔