ایچ ای سی کی جانب سے ملک بھر کے 45 یونیورسٹی کیمپس اور 3328 کالجز کو الحاق کیلئے ایک ماہ کی مہلت

جمعہ 28 اگست 2015 20:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اگست۔2015ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی ) نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و تربیت کی ہدایت پر ملک بھر کی 45 یونیورسٹی کیمپس اور 3328 کالجز کو ایک ماہ کے اندر الحاق کرنے کا وقت دیدیا ہے بصورت دیگر ان اداروں کیخلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی گزشتہ روز قائمہ کمیٹی میں انکشاف کیا گیا تھا کہ اس وقت ملک بھر میں 171 یونیورسٹیاں قائم ہیں جن کے 138کیمپس ہیں جن میں 93 کیمپس نے این او سی حاصل کررکھی ہے باقی غیر قانونی ہیں اس کے علاوہ 3328 کالجز الحاق کے بغیر کام کررہے ہیں جس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان اداروں کیخلاف فوراً کارروائی کی ہدایت کی تھی اس سلسلے میں جب آن لائن نے چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختیار احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کی ہدایت کے مطابق ان کیمپس اور کالجوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے این او سی کیلئے ٹائم فریم ورک چار مہینے ہوتا ہے تاہم ان کے خلاف ایچ ای سی اپنا لائحہ عمل تیار کررہی ہے اور بروقت این او سی اور الحاق نہ کرنے والے اداروں کیخلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس کے علاوہ جن کیمپس اور کالجز کا الحاق نہیں ہوا ہے ان کی تفصیل ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دی گئی ہے تاکہ طلبہ و طالبات کو ان اداروں کی آگاہی کرنے میں آسانی رہے ۔