اس بوڑھی خاتون کے سر پر واقعی سینگ اگ آیا ہے

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعہ 28 اگست 2015 21:34

اس بوڑھی خاتون کے سر پر واقعی سینگ اگ آیا ہے

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28اگست۔2015ء)اگر یہ خاتون آپ کو کہے کہ اس طرح کیوں دیکھ رہے ہو، کیا میرے سر پر سینگ اگے ہیں؟ تو آپ کہہ سکتے ہیں،جی ہاں سینگ اگ آیا ہے ۔ چین سے تعلق رکھنے والی اس خاتون کو انتہائی نایاب بیماری لاحق ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے اس کے سر پر سینگ اُگ آئے ہیں۔ لیانگ ژیوزہین کا تعلق جنوب مغربی چین کے علاقے سیچوان سے ہے۔

پچھلے دو سالوں سے وہ اپنے سر پر اگنے والے سینگ کی وجہ سے پریشان ہے۔87 سالہ لیانگ نے بتایا کہ 8 سال پہلے اس کے سر پر سیاہ مسہ نکلا، لیانگ گھر پر ہی جڑی بوٹیوں کی مدد سے اس کا علاج کرتی رہی مگر دو سال پہلے یہ مسہ پھٹ گیا اور اس میں سے چھوٹی انگلی کے سائز کا سینگ نکل آیا۔ لیانگ کے بیٹے نے بتایا کہ ہم ہسپتال میں ڈاکٹروں کے پاس گئے مگر وہ اس کی بیماری کی تشخیص نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

اس نے یہ بھی بتایا کہ میری ماں کبھی ہسپتال جانا نہیں چاہتی، کیونکہ اس کے خیال میں اگر وہ ہسپتال گئی تو واپس نہیں آ سکے گی۔ 6 ماہ پہلے لیانگ نے اپنے بالوں کو دھوتے ہوئے اس سینگ کو ذرا سا تھپتھپا دیا۔اس وجہ سے سینگ کی نشوونما میں ایک دم تیزی آگئی اور یہ پانچ انچ لمبا اور دو انچ چوڑا ہوگیا، اس سے خون بھی رسنے لگا اور درد بھی ہونے لگا۔اب ڈاکٹروں نے پتہ چلا لیا ہے کہ لیانگ کو ایک نایاب بیماری cutaneous horn ہے۔ سینگ کراٹین سے بنتا ہے، یہ وہی پروٹین ہوتا ہے جو سر کے بالوں اور انگلی کے ناخنوں میں ہوتا ہے۔ اب لیانگ کے خاندان والوں کو امید ہے کہ اس بیماری کے حوالے سے لوگوں میں آگہی آئے گی بلکہ اس سینگ کی نشوونما بھی رک جائے گی، مگر اس کے لیے لیانگ کو ہسپتال جانا ہوگا۔