یوم دفاع پاکستان پر جنید جمشید کی جانب سے قوم کو ایک اور ملی نغمے کا تحفہ

muhammad ali محمد علی جمعہ 28 اگست 2015 23:32

یوم دفاع پاکستان پر جنید جمشید کی جانب سے قوم کو ایک اور ملی نغمے کا ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 28 اگست 2015 ء) یوم دفاع پاکستان پر جنید جمشید کی جانب سے قوم کو ایک اور ملی نغمے کا تحفہ دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ائیرفورس کی جانب سے جنید جمشید کا تیار کیا جانے والا ملی نغمہ 6 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔سابق پاپ سنگرجنید جمشیداپنے ماضی کے خاص انداز کے ملی نغموں کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں بسے ہوئے ہیں، دل دل پاکستان ، قسم ہے اس وقت کی اور اونچی بہت اونچی جیسے ترانے تو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں محفوظ ہیں۔

حال ہی میں 14اگست کے لئے بنوریہ میڈیا کی جانب سے ریلیز کیے گئے ملی نغمے میں جنید جمشید ایک نئے اور منفرد انداز میں نظر آئے، یہ نغمہ بالخصوص فوجی حلقوں میں بے حد پسند کیا گیا،جس پر پاکستان ائیر فورس کے سینئر افسران نے جنید جمشید سے رابطہ کرکے پاک وطن ملی نغمے کو خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ ساتھ یوم دفاع پاکستان کے موقع کی مناسبت سے پاک وطن کے کانسپٹ کے مطابق اسی طرح کا ہی ایک ملی نغمہ پاکستان ائیر فورس کے لئے تیار کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

(جاری ہے)

جنید جمشید نے بخوشی اس درخواست کو قبول کرکے اس پر کام شروع کردیا اور اس سلسلے میں اپنے کئی سال پرانے نغمے)اونچی بہت اونچی) جو کہ ماضی میں ائیرفورس کے لئے ہی تیار کیا گیا تھا کا انتخاب کرکے جنید جمشید نے مختلف سنگرز کے ساتھ مل کر اسے دوبارہ ریکارڈ کرنا شروع کیا جو کہ اب تقریبا آخری مراحل میں ہے۔ اس نغمے کو یوم دفاع پاکستان کے موقع پر 6 ستمبر کو پاکستان ائیرفورس کی جانب سے ریلیز کیا جائے گا۔

اس ٹریک کے متعلق گفتگو کے دوران جنید جمشید کا کہنا تھا کہ اگست میں چاند ستارہ اور پاک وطن کا گفٹ قوم کو دیا تھا اب یوم دفاع پر ایک اور نیا منفرد گفٹ دینے جارہا ہوں۔ امید ہے کہ میرے ہم وطن اسے پسند کریں گے۔جنید جمشید کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے عہد کیا ہے آگے مستقبل میں حمد و نعت کے ساتھ ساتھ وقتا فوقتا قوم کو ملی نغموں اور ترانوں کے تحفے بھی پیش کرتا رہوں گا۔