طبی امدادی ادارے میڈیسن سان فرنٹیئرز کا ’فینٹم ‘کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

ہفتہ 29 اگست 2015 11:39

طبی امدادی ادارے میڈیسن سان فرنٹیئرز کا ’فینٹم ‘کیخلاف کارروائی کا ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) طبی امدادی ادارے میڈیسن سان فرنٹیئرز نے بالی ووڈ کی ریلیز ہونیوالی فلم ’فینٹم ‘کے پروڈیوسرز کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق ایم ایس ایف ادارے کا کہنا ہے کہ فلم میں ان کے گروپ میں موجود لوگوں کی عکاسی بالکل غلط انداز میں کی گئی ہے جس سے مختلف علاقوں میں ان کے کام کرنیوالے افراد کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

فلم فینٹم ممبئی میں 2008 میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعہ پر بنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایم ایس ایف کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام کلینکس میں اسلحہ رکھنا منع ہے۔ہمارے ادارے میں موجود ایک بھی کارکن نے اپنے پاس کبھی اسلحہ نہیں رکھا ہے جبکہ فلم میں ہمارے ادارے کو غلط انداز میں دکھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم کو بنانے میں ان سے کسی قسم کا مشورہ نہیں کیا گیا تھا۔ایم ایس ایف کا کہنا ہے کہ ہماری تنظیم طبی امداد کی فراہمی کا کام کرتی ہے اور اسے اس کے علاوہ کسی بھی دیگر طریقے سے پیش کیا جانا ہمارے عملے، مریضوں اور ایسے علاقوں میں کام کرنے کی صلاحیت کیلئے خطرہ بنے گا جہاں لوگوں کو کسی اور ذریعے سے طبی سہولیات میسر نہیں۔