نامور شاعر ،نغمہ نگار و رائٹر احمد راہی کی 13ویں برسی 2ستمبر کو منائی جائیگی

ہفتہ 29 اگست 2015 12:46

نامور شاعر ،نغمہ نگار و رائٹر احمد راہی کی 13ویں برسی 2ستمبر کو منائی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء)پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور شاعر ،نغمہ نگار و رائٹر احمد راہی کی 13ویں برسی 2ستمبر کو منائی جائے گی ۔ احمد راہی کا اصل نام غلام احمد تھا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم بھارتی شہر امرتسر میں حاصل کی اور بعد ازاں لاہور آکر 1940ء میں میٹرک کرنے کے بعد ایم اے او کالج میں داخلہ لیا مگر تعلیم مکمل نہ کرسکے۔

پاکستان بننے کے بعد ایڈیٹر کی حیثیت سے ناول سویرا کی ذمے داری سنبھال لی۔ احمد راہی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز پنجابی فلم ”بیلی “سے کیا جو تقسیم کے وقت ہونے والے فسادات کے پس منظر میں بنائی گئی تھی۔ انہوں نے مسعود پرویز اور خواجہ خورشید انور کی مشہور پنجابی فلم ”ہیر رانجھا “کیلئے بھی لازوال نغمات تخلیق کیے جن میں ”سن ونجھلی دی مٹھڑی تان ،ونجھلی والڑیا توں تے موہ لئی اے مٹیار آج بھی لوگوں کے کانوں میں رس گھولتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے فلمی حلقوں میں بھی اپنا ایک خاص مقام بنایا اور ان کے تحریر کردہ گانوں میں بھی لوگوں کو فوک شاعری اور ادب کا رنگ دیکھنے کو ملا۔انہوں نے شاعری کے ساتھ متعدد کتابیں بھی تحریر کیں۔ ان کے پنجابی شاعری کلام پر مشتمل کتاب ترنجن کا انگریزی ترجمہ آکسفورڈ یونیورسٹی پبلشر نے شائع کیا۔ احمد راہی کو ہی اعزاز بھی حاصل تھا کہ جتنے پیسے ملکہ ترنم نور جہاں ایک گانے کے وصول کرتی تھیں احمد راہی اس سے ایک روپیہ زیادہ وصول کیا کرتے تھے ۔ احمد راہی 2ستمبر 2002 ء کو اس دنیا فانی سے کوچ کر گئے مگر وہ آج بھی اپنے فن کے ذریعے سننے والوں کے دلوں میں راج کر رہے ہیں۔