الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے… بھارتی میڈیا نے ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر لائن پر پہلے فائرنگ کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا

ہفتہ 29 اگست 2015 13:55

الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے… بھارتی میڈیا نے ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر ..

جموں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) سرحد پر آر ایس پورہ اور ارنیہ سیکٹروں میں بی ایس ایف اور پاکستانی رینجروں کے مابین گزشتہ آدھی رات سے شروع ہوئے گولہ باری کے تبادلہ اور مارٹر شلنگ سے 3شہری ہلاک جبکہ 17زخمی ہو گئے۔ تاہم سہ پہر کے بعد دونوں طرف کی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔اس دوران پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی طرف سے گولہ باری کے نتیجے میں 8 شہری ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوئے۔

سرکاری طور پر بتایا گیاکہ جمعرات و جمعہ نصف شب ساڑھے 12بجے پاکستانی سرحدی محافظوں نے اچانک آر ایس پورہ اور ارنیہ سیکٹروں میں بی ایس ایف کی چوکیوں اور دیہات پر چھوٹے و درمیانہ اسلحہ سے گولیاں چلانا شروع کر دیں اور کچھ دیر بعد 82ایم ایم مارٹر گولے بھی داغے۔ محکمہ دفاع کے مطابق رینجرز نے کشن پور ، جو ڑا فارم ، جگنو ، نوا پنڈ ، گھرانا،کے کے پوسٹ، دیوی گڑھ، وکرم پوسٹ، سائی خورد ، چندو چک ، ہرنا ، سیا اور عبدلیاں علاقہ میں زبر دست گولی باری کی جس کا یہاں سے بھی بھرپور جواب دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران کئی مارٹر شل شہری علاقوں پر بھی گرے جن میں ارنیہ سیکٹر میں2 خواتین جبکہ آر ایس پورہ سیکٹر میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ 17افراد زخمی ہو گئے۔ سبھی زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال جموں میں داخل کیا گیا

جہاں 4زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ آر ایس پورہ پولیس تھانہ کے ایس ایچ او بھوشن سنگھ نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں کانتا دیوی (عمر 45سال) زوجہ سبھاش چندر ، بنسو دیوی (عمر 42سال) زوجہ بھولا رام ساکنان سائی خورد ارنیہ اور پون کمار (عمر 40سال ) ولد اجیت سنگھ سکنہ گاؤں عبدلیاں آر ایس پورہ شامل ہیں۔

زخمیوں کی شناخت وی ڈی سی ممبر لیاقت علی (عمر30سال ) ولدِ محمد علی شاہینہ بی بی (عمر60سال ) زوجہ محمد علی ، سلیمہ بی بی (عمر30سال ) زوجہ محمد بلی ،اور وکی کمار (عمر 25سال ) ولدِ رومیش ، وریام سنگھ (عمر 30سال ) ولدِ چترو رام اور را جکمار (عمر38سال ) ولدِ لبھو رام ساکناں ن عبدلیاں آر ای پورہ ، اجیت (عمر75سال ) ولد لبھو رام ، وجے کمار (عمر24سال ) ولد موہن لال سکنہ چنڈو چک ، گردھاری لال (عمر 40سال ) ولد تارو رام سکنہ عبدلیاں ، بھول ارم، ولد پورن چند سکنہ بری جال ، اندرو دیوی ، سبھاش چندر ولد کرم چند سکنہ سائی ، شوانی (عمر 12سال ) دختر سبھاش چندر ، ماہی (عمر10سال ) دختر سباھش چندر سکنہ سائی کے طور پر ہوئی ہے۔

سہ پہر تک دو طرفہ گولہ باری جاری رہی تاہم بعد میں دونوں طرف کی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔ ڈپٹی کمشنر جموں سمرن دیپ سنگھ نے 3ہلاکتوں اور 16افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سہ پہر سے گولہ باری بند ہو گئی۔اس دوران نائب وزیر اعلیٰ داکٹر نرمل سنگھ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال جموں کا دورہ کیا اور سرحدی گولہ باری سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔

انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کو ریاستی حکومت کی طرف سے بھر پور عبوری امداد کا یقین دلایا۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جس طرح سے پاکستانی افواج گولہ باری کر کے عام لوگوں کو مار رہے ہیں ، وہ نا قابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہئے۔اس دوران پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی گولہ باری سے اس کے 8شہری مارے گئے ہیں جبکہ 40زخمی ہوئے۔

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں اس کے 8شہری مارے گئے اور 40 دیگر زخمی ہو گئے۔پاکستان رینجرز کے ترجمان کے مطابق بی ایس ایف کی طرف سے گزشتہ رات بنا اشتعال فائرنگ شروع کی گئی جس کے جواب میں پاکستان رینجرز نے بھی فائرنگ کی۔ترجمان کے مطابق سیالکوٹ سیکٹر کے چڑواہ ، ہر پال ، چارپر اور سوچیت گڑھ سیکٹر میں کی گئی اس گولہ باری کے دوران8شہری مارے گئے جبکہ 40زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو سیالکوٹ ہسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :