پاکستان میں سول ملٹری تعلقات انتہائی مضبوط ہیں ‘ تمام فیصلے سیاسی قیادت ہی کر رہی ہے ‘ خواجہ آصف

ہفتہ 29 اگست 2015 15:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سول ملٹری تعلقات انتہائی مضبوط ہیں ‘ تمام فیصلے سیاسی قیادت ہی کر رہی ہے ‘پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت ہیں ‘ رتی جارحیت مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ‘ تمام مذموم سازشیں ناکام ہو جائیں گی ‘ عمران خان ٹربیونل اور دھاندلی کا کھیل کھیل رہے ہیں ‘عوام ہمیں کامیاب کرائیگی۔

ایک انٹرویومیں وزیر دفاع نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھارت کو ایک آنکھ بھی نہیں بھا رہا وہ اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے ‘ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا سیاسی قد تیزی سے کم ہو رہا ہے ‘ مودی اپنی دم توڑتی مقبولیت کیلئے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

وزیردفاع نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے جو اس وقت پاکستان سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرا لیا گیا ہے۔سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سول ملٹری تعلقات انتہائی مضبوط ہیں۔

حالیہ سول ملٹری تعلقات میں جو ہم آہنگی ہے وہ گزشتہ 68 سال میں نہیں تھی۔ تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت 100 فیصد متحد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام فیصلے سیاسی قیادت ہی کر رہی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ذہن، نظریئے اور وسائل کے اعتبار سے متحد نہیں ہونگے جنگ نہیں جیت سکتے لہٰذا ہمیں یہ تاثر دینا ہو گا کہ ہماری پوری 18 کروڑ عوام اور تمام ادارے اپنے اندرونی و بیرونی دشمن کیخلاف متحد ہیں۔

بھارت نے مذاکرات کیلئے شرائط رکھیں لیکن ہم یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ کوئی ملک ہمیں ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔ ایک اور سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے جس کے ہمارے پاس واضح ثبوت بھی موجود ہیں۔ افغانستان کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارے بے شمار رشتے ہیں ‘دونوں ملک امن کے متلاشی ہیں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے ہماری قربانیاں شاید افغانستان سے بھی زیادہ ہیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان جہاں سے چلے تھے آج پھر وہیں کھڑے ہیں پی ٹی آئی نے پہلے دھرنا ختم کیا اور پھر اسی اسمبلی میں آ گئی جسے وہ برابھلا کہتے تھے آج ہم گلگت سے کراچی تک دہشت گردی کی جنگ لڑ رہے ہیں ‘ مشرقی سرحد پر بھی کشیدگی ہے تاہم عمران خان ٹربیونل اور دھاندلی کا کھیل کھیل رہے ہیں۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کو اپنی سیاسی ساکھ بحال کرنے کیلئے زمان پارک جہاں انکا گھر بھی ہے سے دوبارہ الیکشن لڑنا چاہئے۔ وہ الیکشن لڑ کے تو دیکھیں انہیں اپنی اوقات کا پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ادھر ادھر کی باتیں کر کے صرف فرار کا جواز ڈھونڈ رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اس لئے ہم پرعزم ہیں جس طرح ہم پہلے عوامی عدالت میں کامیاب ہوئے تھے آئندہ بھی عوام ہمیں کامیاب کرائے گی۔

متعلقہ عنوان :