بلوچستان میں جیوانی کے غیر فعال ائر پورٹ پر مسلح دہشت گردوں کا حملہ،ایک انجینئر جاں بحق،اسسٹمٹ انجینئر زخمی،سٹیشن کمانڈر اغوا

زخمی اہلکار کو علاج معالجہ کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا،جاں بحق انجینئر کی منتقلی کے لیے بحریہ سے رابطہ سیکیورٹی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا

اتوار 30 اگست 2015 12:26

بلوچستان میں جیوانی کے غیر فعال ائر پورٹ پر مسلح دہشت گردوں کا حملہ،ایک ..

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) بلوچستان میں جیوانی کے غیر فعال ائر پورٹ پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں ایک انجینئر جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ ایک اہلکار کو اغواء کر لیا گیا،زخمی اہلکار کو علاج معالجہ کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جاں بحق انجینئر کی میت کو کراچی منتقل کرنے کے لیے بحریہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار 6 دہشت گردوں نے ائر پورٹ پر فائرنگ کی۔فائرنگ کی زد میں آ کر الیکٹرونکس سپرنٹنڈنٹ خلیل اللہ جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک الیکٹرونکس انجینئر محمد اللہ کو اغواء بھی کر لیا گیا.۔لیویز ذرائع کے مطابق گوادر کے علاقے جیوانی میں سول ایوی ایشن کے ریڈار سسٹم کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد پولیس اور لیویز سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ائر پورٹ کے اطراف سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات نہیں تھے جبکہ یہ ہوائی اڈا طویل عرصے سے غیر فعال تھا۔ حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی بھی گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی عسکریت پسند علاقے میں کارروائیاں کرتے رہے ہیں، اس سے قبل پسنی میں ریڈار اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا تھا۔بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کی جانب سے جیوانی ائر پورٹ پر حملے کی مذمت کی ہے۔

ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے انسانی جان کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیااور گوادر انتظامیہ سے فوری طور پر واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پسنی ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن کے ریڈار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انجینئر خلیل احمد جاں بحق جب کہ اسسٹنٹ انجینئر الطاف حسین زخمی ہو گیا۔ مسلح دہشت گرد پسنی ایئر پورٹ کے منیجر خلیل محمود کو اغوا کر کے بھی لے گئے۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے اسسٹنٹ انجینئر کو طبی امداد کے لئے کراچی روانہ کر دیا گیا ہے۔واقعہ کے فوری بعد سیکیورٹی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔جیوانی ائیرپورٹ گزشتہ بیس سال سے غیرفعال ہے۔

متعلقہ عنوان :