Live Updates

عمران خان کی دھمکی کے بعدالیکشن کمیشن کے3 صوبائی ارکان نے اپنے استعفے تیار کرلئے ، (کل ) چیف الیکشن کمشنر پیش کرینگے

نئی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس (کل ) ہوگا ، مستقبل کا لائحہ عمل طے کئے جائیگا

اتوار 30 اگست 2015 12:55

لاہور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی طرف سے استعفے نہ دینے کی صورت میں اسلام آباد میں احتجاج کر نے کے اعلان اور الیکشن کمیشن کی طرف سے کھل کر دفاع نہ کر نے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے3 ارکان نے اپنے استعفے تیار کرلئے جو (کل ) پیر کو چیف الیکشن کمشنر کو پیش کریں گے ‘ جبکہ عمران خان کے نئے الزامات کے بعد پیدا صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس بھی آج ہی ہورہاہے جس میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کیاجائیگا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی  سندھ سے جسٹس ریٹائرڈ محمد روشن عیسانی اور خیبر پختون خوا سے جسٹس ریٹائرڈ شہزاد اکبر خان الیکشن کمیشن کی طرف سے اپنا دفاع نہ کئے جانے پر مستعفی ہو رہے ہیں رپورٹ کے مطابق انہوں نے باقاعدہ اپنے استعفے تیار بھی کرلئے ہیں اور توقع ہے کہ تینوں ارکان آج چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا محمد خان سے ملاقات کر کے اپنے استعفے پیش کرینگے۔

(جاری ہے)

ان ارکان نے الیکشن کمیشن کی طرف سے کھل کر اپنا دفاع نہ کر نے پر استعفے دینے کا فیصلہ کیا تھا ان کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن کو عمران خان کی طرف سے ان پر لگائے گئے الزامات پر کھل کر ان کادفاع کر نا چاہیے تھا دریں اثناء الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس پیر کو اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضاکرینگے اس اجلاس میں عمران خان کی طرف سے اسلام آباد میں احتجاج کے پروگرام الیکشن کمیشن کے ارکان کے استعفوں اور دیگر اہم امورپر غور کیا جائیگا ۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے بھی استعفوں کے مطالبے کے بعد ان ارکان نے یہ فیصلہ کیا ہے جبکہ ایک حالیہ اجلاس کے بعد ان ارکان کی طرف سے یہ اعلان سامنے آیا تھا کہ وہ عمران خان کے دباؤ میں آکر استعفے نہیں دینگے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات