قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم یوم دفاع پر روایتی حریف بھارت کو ہرانے کیلئے پرعزم

پیر 31 اگست 2015 13:15

قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم یوم دفاع پر روایتی حریف بھارت کو ہرانے کیلئے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان میجر (ر) حسنین عالم نے کہا ہے کہ کل بدھ سے شروع ہونے والے 5 قومی ٹورنامنٹ میں مقابلے سخت اور کانٹے دار ہونگے لیکن انہیں کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کی بدولت فتح سے ہمکنار ہونے کا یقین ہے۔24 رکنی اسکواڈ کی ڈھاکا روانگی سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسنین عالم نے کہا کہ ایونٹ کے لیے 6 روزہ تربیتی کیمپ میں بھر پور تیاری کی گئی، بھر پور پریکٹس کے ساتھ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی لیکن بلند بانگ دعویٰ نہیں کرسکتا، انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف انٹرنیشل سیریز کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں جبکہ ذہنی مضبوطی اور مکمل اعتماد ان کا اصل ہتھیار ہے، ایونٹ سے قبل مسلسل پریکٹس میں مصروف انگلینڈ اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیمیں تر نوالہ ثابت نہیں ہونگی۔

(جاری ہے)

پاک فوج میں خدمات کے دوران بارودی سرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونیوالے میجر (ر) حسنین عالم نے کہا کہ ایونٹ میں 6 دسمبر کو یوم دفاع کے موقع پر روایتی حریف بھارت سے ہونے والے میچ میں فتح سے ہمکنار ہونے کے لیے جان لڑا دیں گے، ٹیم کے ہیڈ کوچ ظفر اقبال نے کہا کہ ٹیم کسی کو بھی ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ٹیم منیجر امیر الدین انصاری نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں نظم و ضبط کے ساتھ بہترین اخلاق سے بھی دل جیتنے کی کوشش کرینگے قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 3 ستمبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

متعلقہ عنوان :