حسن سردار کو قومی ہاکی ٹیم کا چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ

پیر 31 اگست 2015 13:50

حسن سردار کو قومی ہاکی ٹیم کا چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حسن سردار کو سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کرلیا، سلیکٹرز کی تعداد بھی 5 سے کم کر کے4 کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پی ایچ ایف میں بڑے پیمانے پر بڑے فیصلوں کا سلسلہ شروع ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔

بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آئندہ 2،3 روز تک پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہیڈ کوارٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور پہنچ کر ممکنہ تبدیلیوں اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں کو آگاہ کرینگے۔یاد رہے کہ گرین شرٹس کے پہلی بار اولمپکس کی دوڑ سے باہر ہونے کی وجہ سے اختر رسول کو صدارت سے علیحدہ ہونا پڑا تھا جس کے بعد وزیر اعظم کی ہدایت پر بریگیڈیئر(ر) خالدکھوکھر کو پی ایچ ایف کا 24واں صدر بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نئے صدر نے باہمی مشاورت سے پی ایچ ایف میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلے مرحلے میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور جونیئر ورلڈ کپ کوالیفائنگ راوٴنڈ کے لیے نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے لیے شہناز شیخ، حسن سردار سمیت ماضی کے متعدد عظیم کھلاڑیوں کے ناموں پر غور ہوا تاہم حسن سردارکو سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بنانے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ ان کے ساتھ مزید3 سابق پلیئرز بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔