ڈگری کالجز نے تھرڈ ائیر کے داخلوں میں تاخیر پر پرائیویٹ کالجز کوطلباء کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کا کھلا موقع فراہم کیا

پیر 31 اگست 2015 15:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ایجوکیشن کے تحت ڈگری کالجز نے تھرڈ ائیر کے داخلہ جات میں تاخیر کرنے پر پرائیویٹ کالجز کو طلبہ و طالبات کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کا کھلا موقع فراہم کیا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کی طرف سے داخلوں کی تاریخ کا اعلان کرنے میں تقریباً 2 ہفتے کی تاخیر کی گئی جس پر مختلف اساتذہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایف ڈی ای کی لاپرواہی سے پرائیویٹ کالجز اور یونیورسٹیوں کو طلبہ و طالبات کی توجہ حاصل کرنے میں آسانی رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ طالب علم روزانہ کی بنیاد پر ہم سے رابطہ کر کے داخلوں کی تاریخ کے حوالے سے دریافت کرتے تھے ہو سکتا ہے کہ ان میں بعص نے پرائیویٹ کالجز میں داخلہ حاصل کر لیا ہو۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ کے تمام کالجز انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے چند روز کے بعد داخلوں کا عمل شروع کر دیتے ہیں تاہم اس بار اس عمل کو تقریباً 2 ہفتے تاخیر کی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماڈل کالجز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق مسعود نے کالجز کے اساتذہ کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں تمام کالجز انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے بعد انفرادی طور پر داخلوں کے بارے اعلان کیا کرتے تھے تاہم اس بار بعض وجوہات کی بناء پر وقت پر داخلوں کا اعلان نہیں کیا جا سکا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دراصل وفاقی دارالحکومت کو تعلیم نظام کو مرکوز بنانے کے لئے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اور ڈویلپمنٹ ڈویژن اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ بورڈ نے مشترکہ طور پر داخلے کے اشتہارات چلانے کا فیصلہ کیا تھا تاہما س ضمن میں کام مکمل ہونے میں کافی وقت کا ضیاع ہوا جس وجہ سے کچھ دن داخلوں کے اعلان میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔