امریکی ٹینس سٹار سرینا یو ایس اوپن میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گئیں

منگل 1 ستمبر 2015 11:52

امریکی ٹینس سٹار سرینا یو ایس اوپن میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گئیں

نیویارک (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخباریکم ستمبر ۔2015ء ) امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز اپنے کیریئر میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گئیں، یو ایس اوپن میں فتح کے ساتھ ہی وہ سال کیلنڈر گرینڈ سلیم مکمل کر لیں گی ۔ کیریئر میں 21 گرینڈ سلیم جیتنے والی سرینا ولیمز اس سال آسٹریلین ، فرنچ اور ومبلڈن اوپن جیت چکی ہیں اور یو ایس اوپن میں کامیابی حاصل کرنے کی صورت میں وہ چوتھا گرینڈ سلیم اپنے نام کر کے کیلنڈر گرینڈ سلیم اپنے نام کر لیں گی ۔

33 سالہ سٹار اگر یہ کارنامہ انجام دے دیتی ہیں تو وہ 27 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلی کھلاڑی ہوں گی، اس سے قبل 1988ء میں جرمنی کی شہرہ آفاق کھلاڑی سٹیفی گراف نے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا جبکہ مردوں میں آخری مرتبہ یہ کارنامہ 1969ء میں روڈ لیور نے انجام دیا تھا ۔

(جاری ہے)

ٹینس کی تاریخ میں آج تک صرف 2 مرد اور 3خواتین کھلاڑی یہ سنگ میل عبور کر سکے ہیں ۔

مرد کھلاڑیوں میں 1938ء میں پہلی مرتبہ ڈون بج نے یہ اعزاز حاصل کیا جس کے بعد روڈ لیور نے 1962ء اور 1969ء میں کیلنڈر گرینڈ سلیم مکمل کیا ، خواتین میں 1953ء میں مورین کونولی ، 1970ء میں مارگریٹ کورٹ اور پھر 1988ء میں سٹیفی گراف یہ اعزاز حاصل کر پائیں ۔ یاد رہے کہ یہ ایونٹ جیتنے کی صورت میں سرینا کے گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد 22 ہو جائے گی جس کے بعد وہ 24 گرینڈ سلیم جیتنے والی مارگریٹ کورٹ سے صرف دو گرینڈ سلیم دور رہ جائیں گی ۔