امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز اپنے کیریئر میں تاریخ رقم کر نے کے قریب پہنچ گئیں

منگل 1 ستمبر 2015 12:05

امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز اپنے کیریئر میں تاریخ رقم کر نے کے قریب ..

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء)امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز اپنے کیریئر میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ چکی ہیں جہاں یو ایس اوپن میں فتح کے ساتھ ہی وہ سال کیلنڈر گرینڈ سلیم مکمل کر لیں گی۔کیریئر میں 21 گرینڈ سلیم مقابلے جیتنے والی سرینا ولیمز رواں سال آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن اور ومبلڈن اوپن جیت کر تینوں گرینڈ سلیم اپنے نام کر چکی ہیں اور یو ایس اوپن میں فتح کے ساتھ وہ چوتھا گرینڈ سلیم اپنے نام کر کے کیلنڈر گرینڈ سلیم اپنے نام کر لیں گی۔

اگر 33 سالہ اسٹار یہ کارنامہ انجام دے دیتی ہیں تو 27 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلی کھلاڑی ہوں گی ‘اس سے قبل 1988 میں جرمنی کی اسٹیفی گراف نے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا جبکہ مردوں میں آخری مرتبہ یہ کارنامہ 1969 میں روڈ لیور نے انجام دیا تھا۔

(جاری ہے)

آج تک ٹینس کی تاریخ میں صرف پانچ کھلاڑی یہ سنگ میل عبور کر سکے ہیں۔1938 میں پہلی مرتبہ ڈون بج نے یہ اعزاز حاصل کیا جس کے بعد روڈ لیور نے 1962 اور 1969 میں کیلنڈر گرینڈ سلیم مکمل کیا، 1953 میں مورین کونولی، 1970 میں مارگریٹ کورٹ اور پھر 1988 میں اسٹیفی گراف یہ اعزاز حاصل کر پائیں۔

مردوں کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ، عالمی نمبر دو راجر فیڈرر اور اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے اس موقع پر سرینا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ٹینس اسٹار یہ اعزاز حاصل کرنے کی مستحق ہیں۔