کشمیریوں کا مقدس لہو رنگ لاکر رہے گا ،بھارتی جابرانہ ہتھکنڈے ناکام ہوں گے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

منگل 1 ستمبر 2015 14:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزاد خطہ کے عوام کی تعمیر وترقی وخوشحالی ہماری سیاست کا محور ومرکز اور ہمارا سیاسی ایجنڈاہے اوریہی پارٹی لیڈر شپ کا ویژن ہے جس کی تکمیل کی جارہی ہے۔ ماضی میں عوام کااستحصال کرنے والے اور منفی الزامات عائد کرنے والوں کو تعمیر وترقی کے ایجنڈے کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

۔کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے ہدایت کی کہ ترقیاتی عمل کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ ایل او سی کے چودہ انتخابی حلقوں میں جدید سہولتوں کی ترجیح بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایل او سی پر ائیر ایمبولینس سروس کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور کمیونٹی بنکرز کی تعمیر کے لیے جگہ مختص کریں۔

دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم ،نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنگ، پراسرار گمشدگیوں، زیر حراست ہلاکتوں پر بھارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے مہذب دنیا سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو روکیں اور انسانیت کے قتل عام کو بند کرائیں۔

وزیراعظم نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر نہتے عوام کو گولہ باری کا نشانہ بنانے پر بھارت کے جنونی حکمرانوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے امن پسند دنیا سے اپیل کی کہ وہ ایل او سی پر آباد سویلین آبادی کو بھارتی گولہ باری سے محفوظ بنائیں اور بھارت کو جارحیت سے باز رکھیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام کو ایل او سی پر آباد لوگوں کے دکھ ودرد کا شدت سے احساس ہے ان کے دکھ درد کا مداوا کریں گے ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ہر بین الاقوامی فورم پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کشمیریوں کا مقدس لہو رنگ لاکر رہے گا کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنے کے تمام جابرانہ ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :