سیاسی و عسکری قیادت کاافغان امن مذاکراتی عمل پر اظہار اطمینان ‘لائن آف کنٹرول و ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے ‘معاملہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری میں اٹھانے پر اتفاق

وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات ‘اندورنی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال ‘آپریشن ضرب عضب‘ شوال میں جاری زمینی آپریشن‘امریکی سلامتی کے مشیر اور جرمن وزیرخارجہ کا دورہ پاکستان ‘دہشتگردوں کیخلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں پر تبادلہ خیال

منگل 1 ستمبر 2015 14:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ،جس میں ملک کی اندورنی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال ،آپریشن ضرب عضب، شوال میں جاری زمینی آپریشن،امریکی سلامتی کے مشیر اور جرمن وزیرخارجہ کا دورہ پاکستان سمیت دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،سیاسی و عسکری قیادت کی ملاقات میں افغان امن مذاکراتی عمل پر اطمینان اور لائن آف کنٹرول و ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے اور یہ معاملہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری میں اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کراچی آپریشن کا جائزہ اور امریکی سلامتی کے مشیر سوزین رائس اور جرمن وزیر خارجہ فرینک والٹرکے دورہ پاکستان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں افغان مذاکراتی عمل، سرحدی صورتحال خصوصاً بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں آپریشن ضرب عضب اور شوال میں جاری زمینی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔