دو روزہ علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس تین ستمبر کو کابل میں منعقد ہو گی

قومی سلامتی و خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز کی شرکت متوقع

منگل 1 ستمبر 2015 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) دو روزہ علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس ( آر ای سی سی اے ) تین ستمبر کو کابل میں منعقد ہو گی۔ جس میں قومی سلامتی و خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز کی شرکت متوقع ہے ۔ تاہم اگرسرتاج عزیز اس کانفرنس میں شرکت کے لئے افغانستان کا دورہ کرتے ہیں تو دونوں ممالک کے درمیان تعطل کا شکار مذاکراتی عمل دوبارہ بحال ہو سکتا ہے اور قوی امکانات ہیں کہ کانفرنس کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا عمل کا آغاز ہو ۔

جس میں باہمی دلچسپی کے امور کو زیر غور لایا جائے اور دوطرفہ باہمی مشاورت سے ان کو حل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کا سدباب ہو سکے ۔ ایک سینئر سفارتکار نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح سے پاک افغان کے درمیان تعطل کا شکار بات چیت کے عمل کے دوبارہ بحال کرنے کے لئے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے گزشتہ دنوں پاکستان کا دورہ کرنے والی امریکی قومی سیکورٹی کی ایڈوائزر سوزن رائس نے بھی دوطرفہ امور کو بات چیت سے حل پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں جرمن وزیر خارجہ فرنیک والٹر نے بھی دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کو دوبارہ سے شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کی ۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات حال ہی میں کابل حملوں کے بعد ملتوی ہو گیا تھا جس کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ دہشت گردوں کو اپنی سرزمین سے ختم کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے اور وہ دہشت گرد مسلسل افغان سرزمین کو اپنا نشانہ بنائے ہوئے ہیں ۔