Live Updates

حکومت ہمارے سٹرکوں پر نکلنے سے پہلے ہی عالمی معیار کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں کمی کردے،ڈیزل پر 45فیصد جی ایس ٹی ظالمانہ اقدام ہے،امید ہے حکومت اس بار عوامی طاقت کے مظاہرے کا انتظار نہیں کرے گی

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی پر حکومت پر کڑی تنقید

منگل 1 ستمبر 2015 17:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی پر حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے سٹرکوں پر نکلنے سے پہلے ہی عالمی معیار کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں کمی کردے،ڈیزل پر 45فیصد جی ایس ٹی ظالمانہ اقدام ہے،امید ہے کہ حکومت اس بار عوامی طاقت کے مظاہرے کا انتظار نہیں کرے گی۔

منگل کو پٹرولیم مصنوعات میں 3روپے کی کمی پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہاہے ڈیزل پر 45فیصد جی ایس ٹی ظالمانہ اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں حالیہ کمی قابل قبول نہیں ہے ،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے لیکن پاکستان میں اس طرح قیمت میں کمی نہیں کی گئی اس لیے حکومت اس بار عوامی طاقت کے مظاہرے کا انتظار نہ کرے اور پٹرول کی قیمت میں عالمی معیار کے مطابق کمی کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بیرونی اداروں سے قرضے لینے کیلئے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے، پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ کمی عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ اوگرا کی جانب سے ساڑھے 7روپے تک کمی کی سمری بھجوائی گئی تھی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات