حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو قوم سے بھونڈا مذاق ہے، عمران خان

قیمتوں میں کمی ناکافی اور ناقابل قبول ہے، پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ

منگل 1 ستمبر 2015 20:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو قوم سے بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے قیمتوں میں کی گئی کمی کو ناکافی اور ناقابل قبول قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس ختم کئے جائیں۔منگل کوجاری بیان میں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت کے رویے سے یہ واضح ہو چکا ہے کہ مسلم لیگ نواز کی وفاقی حکومت آئی ایم ایف سے مزید قرضوں کے حصول کیلئے غریب عوام اور مقامی صنعتوں کو مشکلات میں دھکیل رہی ہے۔

آئی ایم ایف جیسے عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کو دی گئی ڈکٹیشن ان ممالک میں سماجی عدمِ استحکام اور کشمکش کی بنیادی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسی جماعت جو زرداری کی سابقہ حکومت کی جانب سے عائد کیے گئے سولہ فیصد جنرل سیلز ٹیکس کے خاتمے کا وعدہ کرتی رہی ہو کی جانب سے ڈیزل پر 45فیصد تک جی ایس ٹی کے نفاذ کا کیا جواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل ایک ایسا بنیادی ایندھن ہے جسے ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں، کسان اپنی زرعی میشنری اور چھوٹے دکاندار اپنے جنریٹرز میں استعمال کرتے ہیں، چنانچہ اس کی قیمتوں میں ردوبدل کے براہِ راست اثرات ان تمام طبقات پر مرتب ہوتے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ لگاتار یہ دوسرا مہینہ ہے کہ جب مسلم لیگ نواز کی حکومت نے اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارشات کو نظر انداز کیا اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے ثمرات سے عوام کو محروم کر کے اپنے لیے زیادہ سے زیادہ مال بنانے کی کوشش کی۔

مسلم لیگی حکومت کے اس طرز عمل کو شرمناک قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ حکومت عوام کی زندگیاں اجیرن بنانے کا پختہ ارادہ کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے ظالمانہ ٹیکسوں کے نفاذ کے ذریعے ایندھن اور پیداواری لاگت میں اضافے کے ذریعے مقامی صنعتوں پر غیر معمولی بوجھ ڈالنا بھی انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

ان کے مطابق ملک کی بیشترصنعتیں لیگی حکومت کی اس صنعت مخالف پالیسیوں کی وجہ سے عالمی منڈی میں مقابلے کی سکت تک کھو بیٹھیں گی۔ انہوں نے یاددلایا کہ عوام کو تیل کی قیمتوں میں سب سے زیادہ ریلیف تحریک انصاف کے 126روزہ دھرنے کے دوران میسر آیا جب تحریک انصاف کے دباؤ پر مسلم لیگ نواز کی حکومت عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں گراوٹ سے حاصل ہونے والے فائدے کو صحیح معنوں میں عوام تک منتقل کرنے پر مجبور ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ مسلم لیگ نواز صرف اس صورت میں عوام کی بات سنتی ہے جب وہ احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں پر نکلتے ہیں، تاہم ہم امید کرتے ہیں کہ مسلم لیگ نواز اس مرتبہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں کے خاتمے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے حقیقی ثمرات کے حصول کیلئے تحریک انصاف کے سڑکوں پر نکلنے کا انتظار نہیں کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو عام شہریوں کی تکالیف اور مشکلات کا تھوڑا سا بھی احساس ہے تو فوری طوری پر تیل پر عائد ٹیکسز ختم کرے اور بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے حقیقی ثمرات عوام تک منتقل کرے۔