الیکشن کمیشن کا چیف سیکرٹری سندھ کی طرف سے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور قواعد 2015فراہم نہ کر نے پر سخت تشویش کا اظہار

انتخابی عمل رکا تو اس کی تمام تر ذمہ داری چیف سیکرٹری پر ہوگی ٗ الیکشن کمیشن بیان

منگل 1 ستمبر 2015 20:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری سندھ کی طرف سے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور قواعد 2015فراہم نہ کر نے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر انتخابی عمل رکا تو اس کی تمام تر ذمہ داری چیف سیکرٹری پر ہوگی اور ہدایت کی ہے کہ 48گھنٹوں کے اندر یہ ایکٹ اورقواعد فراہم کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

منگل کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ایک خط کے ذریعے چیف سیکرٹری حکومت سندھ سے کہا تھا کہ وہ سندھ لوکل گور نمنٹ ایکٹ 2013اور انتخابی قواعد 2015سات اگست تک فراہم کرے لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے جس کا چیف الیکشن کمشنر نے سخت نوٹس لیا ہے اور خبر دار کیا ہے کہ اگرانتخابی عمل متاثر ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری چیف سیکرٹری پر ہوگی ۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پر زور دیا کہ وہ 48گھنٹوں کے اندر اس ایکٹ اور قواعد کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔