ڈائریکٹر فنانس عباسی شہید اسپتال سیاسی مخالفین کو انجکشن سے قتل کرواتا تھا: رپورٹ

فرید الدین خواتین ڈاکٹرز اور نرسوں کو بلیک میل اور حراساں کر کے زیادتی کا نشانہ بناتا تھا جو تعاون نہیں کرتیں انہیں تنخواہیں روکتا تھا

منگل 1 ستمبر 2015 22:23

ڈائریکٹر فنانس عباسی شہید اسپتال سیاسی مخالفین کو انجکشن سے قتل کرواتا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رینجرز کے ہاتھوں تین ماہ قبل گرفتار ہونے والے عباسی شہید اسپتال کراچی کے ڈائریکٹر فنانس فرید الدین کو 14دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم علاج یا ایمرجنسی میں آنے والے سیاسی مخالفین کو طبی سہولت فراہم کرنے کے بجائے زہریلے انجکشن لگوا کر قتل کرواتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے تین ماہ قبل عباسی شہید اسپتال پر چھاپہ مار کر ڈائریکٹر فنانس فریدالدین کو حراست میں لیا تھا۔ فرید الدین کومنگل کے روز سخت سیکورٹی میں رینجرز نے انسداد دہشت گردی کورٹ میں پیش کیا اور 90 دن کی تحویل کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم سے بھتہ خوری، قتل اور دہشت گردوں کی مدد کرنے کی تحقیقات کرنی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزم کو 90 دن کے لیے رینجرز کے حوالے کیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کی نشاندہی پر رضویہ تھانے کی حدود کھجی گراونڈ کے قبرستان سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا تھا جس کا مقدمہ رضویہ تھانے میں درج کر لیا گیا۔ 90 دن مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ملزم کو ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ رینجرزاور دیگر اداروں نے ملزم سے تفتیش کے بعد ایک ابتدائی تفتیشی رپورٹ بھی تیار کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے جعلی ڈگری کے ذریعے ملازمت حاصل کی ۔ رپورٹ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ علاج یا ایمرجنسی میں آنے والے سیاسی مخالفین کو طبی سہولت فراہم کرنے کے بجائے زہریلے انجکشن لگوا کر قتل کرواتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق فرید الدین خواتین ڈاکٹرز اور نرسوں کو بلیک میل اور حراساں کر کے زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔ جو خواتین ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف تعاون نہیں کرتیں ملزم انکی تنخواہیں روک کر انھیں بلیک میل کرتا تھا۔ رضویہ پولیس ملزم کو ستمبر میں دوبارہ عدالت پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :