سوئی سدرن گیس کمپنی نے ہمیشہ سے کرپٹ عناصر کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپنا رکھی ہے ، خالد رحمن

کمپنی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تحقیقات میں مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے ،ایم ڈی کا کمپنی کے افسران سے خطاب

منگل 1 ستمبر 2015 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) سوئی سدرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد رحمن نے کہا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ہمیشہ سے کرپٹ عناصر کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی اپنا رکھی ہے ، کمپنی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تحقیقات میں مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے ۔یہ بات انہوں نے کمپنی کے افسران سے خطاب کے دوران کہی ۔

اس موقع پر انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کمپنی کے افسران بالا کو تحویل میں لئے جانے کے بعدادارے میں پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ کیا۔ ایم ڈی نے اپنی ٹیم کو بتایا کہ ایجنسیاں ہمارے ان افسران سے معلومات حاصل کررہی ہیں اور تاحال کمپنی کے کسی افسر کے خلاف کسی بھی الزام سے آگا ہ نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کمپنی کے افسران و ملازمین کوتاکید کی کہ وہ سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں اور نہ افواہوں کے پھیلانے میں کسی طور پر شامل ہوں بلکہ اپنے فرائض معمول کے مطابق انجام دیں۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں یہ بات بھی زیر غور آئی کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے کچھ حصوں میں غیر تصدیق شدہ مواد کی تشہیر کی جارہی ہے۔افسران نے اس قسم کی رپورٹنگ پر شدید تحفظات کااظہار کیا ۔ایم ڈی نے مزید کہا کہ اس بات کا ادراک ہونا چاہئے کہ سوئی سدرن ایک اہم عوامی ادارہ ہے جو اسٹرٹیجک نوعیت کے اہم توانائی کے منصوبوں میں مصروف عمل ہے اور عوام کو 24گھنٹے بلا تعطل خدمات فراہم کررہا ہے۔

میڈیا میں ہمارے ذمہ دار افسران کے بارے میں بے بنیاد مواد کی تشہیر سے ان کی توجہ کام سے ہٹ گئی ہے اور وہ اور ان کے خاندان نفسیاتی طور پر بھی متاثر ہورہے ہیں جبکہ کمپنی کی بھی کردار کشی ہورہی ہے ایم ڈی نے میڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن کے بارے میں کوئی بھی خبر جاری کرنے سے قبل مسئلے کی حساسیت کے پیش نظر کمپنی کے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ یا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے حقائق کی تصدیق لازماً کرلی جائے

متعلقہ عنوان :