لندن : معروف قانون دان عبد الحفیظ پیرزادہ انتقال کر گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 2 ستمبر 2015 10:53

لندن : معروف قانون دان عبد الحفیظ پیرزادہ انتقال کر گئے

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 02 ستمبر 2015ء): معروف قانون دان عبدالحفیظ پیرزادہ برطانیہ میں انتقال کرگئے۔ حفیظ پیرزادہ گذشتہ کئی ماہ سے بیمار تھے ۔ عبد الحفیظ پیرزادہ کی میت جمعے کے روز پاکستان روانہ کئے جانے کا امکان ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق عبدالحفیظ پیرزادہ علالت کے باعث برطانیہ کے شہر ریڈنگ میں انتقال کرگئے ، ان کی عمر 74 برس تھی ۔

(جاری ہے)

عبدالحفیظ پیر زادہ 6 ہفتے قبل جوڈیشل کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لندن چلے گئے تھے جہاں ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ریڈنگ کے برکشائر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔چند روز پہلے ان کی صحت بہتر ہونا شروع ہو گئی تھی تاہم گذشتہ رات ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہوگئی اور وہ خالق حقیقی سے جا ملے ۔ خاندانی ذرائع کے مطابق عبدالحفیظ پیرزادہ کی میت برکشائراسپتال کےسردخانےمیں منتقل کردی گئی ہے ، جہاں سے بروز جمعہ پاکستان روانہ کردی جائےگی۔

عبدالحفیظ پیرزادہ1941ءمیں پیداہوئےتھےان کو ذوالفقارعلی بھٹوکے کا قریبی ساتھی گردانا جاتا تھا جبکہ بھٹو کے قانونی مشیربھی رہے۔انہوں نےوزیرقانون کی حیثیت سےخدمات بھی انجام دیں۔اور 1973ءکاآئین ترتیب دینےوالی کمیٹی کےرکن رہے۔