سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کی جائے، سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ

بدھ 2 ستمبر 2015 11:27

سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کی جائے، سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2ستمبر ۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث سابق کپتان سلمان بٹ کے کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک انٹر ویو میں سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اگر وہ چیئرمین پی سی بی ہوتے تو سلمان بٹ کو کبھی بھی دوبارہ پاکستان کرکٹ نہ کھیلنے دیتے کیونکہ وہ اس سکینڈل کے سب سے بڑے محرک تھے، محمد آصف کا قصور بھی کم نہیں تھا لیکن سلمان بٹ نے محمد عامر کی کم عمری کے سبب مبینہ طور پر دباؤ ڈال کر انہیں معاملے میں ملوث کیا۔

اعجاز بٹ کا مزید کہنا تھا کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث کرکٹرز برطانیہ میں سزا بھگت چکے ہیں لیکن انہیں پاکستان میں بھی سزا ملنی چاہیے ۔ اعجاز بٹ نے پی سی بی حکام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ کو سلمان بٹ کو کھیلنے کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دینی چاہیے جبکہ دیگر دو کرکٹرز کی چھ ماہ نگرانی کر کے ان کے رویے اور طرز عمل کا جائزہ لیا جائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے اس سکینڈل کے بارے میں اہم معلومات کا تبادلہ کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ واضح رہے کہ 2010ء کے لارڈز ٹیسٹ جب یہ سانحہ رونما ہوا تھا تو اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کی کمان اعجاز بٹ کے ہاتھ میں تھی ۔