پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکٹروں کو قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کمنٹری کی اجازت دے دی

بدھ 2 ستمبر 2015 11:46

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکٹروں کو قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کمنٹری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سلیکٹروں کو قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کمنٹری کی اجازت دے دی ہے۔یہ ٹورنامنٹ راولپنڈی میں شروع ہوچکا ہے اور پی ٹی وی سپورٹس پر اس کے میچ براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔سلیکٹروں اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ دیگر سابق کرکٹروں کا کمنٹری کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس دعوے کی نفی کرتا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ کسی بھی سلیکٹر کو ٹی وی پر کمنٹری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے بتایا کہ چونکہ پی ٹی وی کو کمنٹیٹر دستیاب نہیں ہیں لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان سابق ٹیسٹ کرکٹروں کو کمنٹری کی اجازت دے دی ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ملازم ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اسی سال مئی میں فیصل آباد میں ہونے والے ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں چیف سلیکٹر ہارون رشید اور اظہرخان کے کمنٹری کرنے پر بھی یہی بات کہی تھی کہ چونکہ پی وی ٹی کو کمنٹیٹر نہیں مل سکے تھے لہٰذا ان دونوں نے مجبوراً کمنٹری کی۔

(جاری ہے)

البتہ ساتھ ہی شہریار خان نے یہ بھی واضح کردیا تھا کہ کرکٹ بورڈ آئندہ اپنے سلیکٹروں کو کمنٹری کی اجازت نہیں دے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنے ملازم کرکٹروں کو کمنٹری کی اجازت دینے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جا رہی ہے کہ بورڈ نہیں چاہتا کہ ایسے کرکٹر مائیک سنبھالیں جو کمنٹری کے دوران کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں پر بہت زیادہ تنقید کرتے ہیں جیسا کہ ماضی میں ہو چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :