سلمان بٹ کے کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد ہونی چاہیے،اعجاز بٹ

بدھ 2 ستمبر 2015 11:47

سلمان بٹ کے کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد ہونی چاہیے،اعجاز بٹ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث سابق کپتان سلمان بٹ کے کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد ہونی چاہیے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث تینوں کرکٹر برطانیہ میں اپنی سزا بھگت چکے، لیکن پاکستان میں بھی انھیں سزا ملنی چاہیے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو سلمان بٹ کو کھیلنے کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دینی چاہیے، جبکہ دیگر دو کرکٹروں پر چھ ماہ تک نظر رکھنی چاہیے کہ ان کا رویہ اور طرزِ عمل کیسا ہے۔

اعجاز بٹ نے کہا کہ اگر وہ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہوتے تو سلمان بٹ کو کبھی بھی دوبارہ نہ کھیلنے دیتے کیونکہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں وہی سب سے بڑے محرک تھے۔

(جاری ہے)

محمد آصف کا قصور بھی کم نہیں تھا البتہ محمد عامر کو ان کی کم عمری کے سبب مبینہ طور پر سلمان بٹ نے دباوٴ ڈال کر ملوث کیا تھا۔اگر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین ہوتا تو سلمان بٹ کو کبھی بھی دوبارہ نہ کھیلنے دیتا کیونکہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں وہی سب سے بڑے محرک تھے۔

اعجاز بٹ نے کہا کہ انھوں نے متعدد بار محمد عامر کو سمجھایا تھا کہ وہ انھیں تمام حقیقت سے آگاہ کر دیں اور اپنی غلطی کا اعتراف کر لیں لیکن وہ انکار کرتے رہے اور انھوں نے برطانوی خاتون وکیل کی بجائے اپنے کسی پاکستانی وکیل کی خدمات حاصل کرنے کو فوقیت دی۔اعجاز بٹ نے کہا کہ کرکٹروں کے ایجنٹ کے روپ میں کام کرنے والا مبینہ بک میکر مظہر مجید کافی عرصے سے پاکستانی کرکٹروں سے رابطے میں تھا اور جس کرکٹر سے بھی اس کے متعلق بات کی جاتی، یہی جواب ملتا کہ اسے سینیئر کرکٹروں نے مظہر مجید سے ملوایا تھا۔

اعجاز بٹ نے کہا کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سارا قصور پاکستانی کرکٹروں کا تھا اور بحیثیت چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ انھوں نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔اعجاز بٹ نے کہا کہ وہ آج بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے اس سکینڈل کے بارے میں اہم معلومات کا تبادلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :