یو ایس اوپن، سیمونا ہالپ، کیرولین وزنائیکی، پیٹرا کویٹوا،سیرا ایرانی اور سمانتھا سٹوسردوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں

بدھ 2 ستمبر 2015 13:42

یو ایس اوپن، سیمونا ہالپ، کیرولین وزنائیکی، پیٹرا کویٹوا،سیرا ایرانی ..

نیویارک ۔02 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) رومانیہ کی سیمونا ہالپ، ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی، جمہوریہ چیک پیٹرا کویٹوا، اٹلی کی سیرا ایرانی اور آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوسر سال کے چوتھے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں جبکہ جمہوریہ چیک کی لوئس سفاروا اپ سیٹ شکست کے بعد اور سوئس سٹار تمیا باسنکی ، جرمنی کی جولیا گورجز اور اٹلی کی فرانسیسکا شیون پہلے راؤنڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔

امریکہ میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں رومانیہ کی سیمونا ہالپ نے نیوزی لینڈ کی مارینا ایراکووک کو پہلے سیٹ میں بآسانی 6-2 سے شکست دی تھی دوسرے سیٹ میں مقابلہ 3-0 تک پہنچا تھا کہ کیوی کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث مقابلہ جاری نہ رکھ سکیں اور میچ سے دستبردار ہوگئیں یوں رومانین عالمی نمبر دو سیمونا ہالپ نے بآسانی میگا ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے امریکہ کی جیمی لوئب کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-0 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا نے جرمنی کی لورا سیگیمونڈ کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-1 سے مات دیکر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، اٹلی کی سیرا ایرانی نے جاپان کی مایئو ہیبی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-0 اور 6-1 سے شکست دیکر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوسر نے ہنگری کی تمیا بابوس کو 6-3 اور 6-4 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ پہلے راؤنڈ کے دیگر میچوں میں جرمنی کی آندریا پیٹکوویک، روس کی ایلینا ویسنینا، سپین کی گاربین موگوروزا، اٹلی کی فلاویہ پینی یٹا، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کٹکوسکا، امریکہ کی واروارا لیپچنکوا، جرمنی کی مونا بارتھل، بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا، جرمنی کی انجلیکیو کربر اور مونیکا نیکولسکیو نے کامیابیاں حاصل کرکے میگا ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔