ایس جی ایس اور کوٹیکناریفرنسز ‘ آصف زر داری کی بربریت کی درخواستوں پر حسن وسیم کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا گیا

بدھ 2 ستمبر 2015 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء ) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز میں سابق صدر آصف زرداری کی بریت کی درخواستوں پر سابق ڈپٹی چیئرمین نیب حسن وسیم کو بیان قلمبند کرانے کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز میں سابق صدر آصف زرداری کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی ۔

سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ دونوں ریفرنسزکا اصل ریکارڈ ہی موجود نہیں ۔

(جاری ہے)

عدالت کا کہنا تھا کہ مصدقہ فوٹو کاپی ریکارڈ پر موجود ہے ۔ ریکارڈ کی تصدیق کرنے والے کو عدالت آ کر بتانا چاہیئے ۔ فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ میرے موکل کو نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی ان کیخلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہے عدالت آصف علی زرداری کو بری کرے ۔

احتساب عدالت نے سابق ڈپٹی چیئرمین نیب حسن وسیم افضل کو آئندہ سماعت پر بیان قلمبند کرانے کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت نو ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ عدالت اصلی دستاویزات کے بغیر سزا نہیں سنا سکتی ۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کیس میں کچھ نہیں اس لئے بریت کی درخواست دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :