Live Updates

عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر سے این اے122 اور 154 میں فوج کی نگرانی میں انتخابات کرانے اورجاری کیسز مکمل ہونے تک ٹربیونل کے ججز کو نہ ہٹانے کا مطالبہ

بدھ 2 ستمبر 2015 16:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا سے ملاقات کر کے الیکشن کمیشن ارکان کے خلاف تحفظات سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ این اے122 اور 154 میں فوج کی نگرانی میں انتخابات کرائیں جائیں،جاری کیسز مکمل ہونے تک ٹربیونل کے ججز کو نہ ہٹایا جائے، چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کواین اے122 اور 154 میں ضمنی انتخابات صاف اور شفاف ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے 4اکتوبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کی کال پر نظرثانی کی درخواست کی، عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے خلاف دھرنا دیں گے، الیکشن کمیشن کے ارکان کا عہدوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں، ان ممبران کے ہوتے ہوئے شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے، چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کی کوتاہیوں پر کارروائی شروع کردی،4ستمبر کو الیکشن کمیشن پنجاب کے ممبر کے خلاف احتجاج کریں گے،پنجاب پولیس پر اعتبار نہیں،ضمنی انتخابات میں فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جہانگیر ترین اور نعیم الحق کے ہمراہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے ملاقات کی اور انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ این اے122 اور 154 میں فوج کی نگرانی میں انتخابات کرائیں جائیں۔انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے۔

ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے عمران خان سے 4 اکتوبر کا دھرنا ملتوی کرنے کی درخواست کی اور بتایا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عملدرآمد جاری ہے ،رپورٹ کے مطابق ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن شفاف ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کچھ دھاندلی کیسز کی سماعت ابھی باقی ہے اور فیصلے ہونے ہیں اس لئے الیکشن ٹریبونلز کو برقرار رکھنے کا مطالبہ بھی کیا ہے جس پر الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس بارے میں سوچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاظم ملک نے مسلم لیگ (ن) کے خلاف فیصلے دیئے تو برے ہو گئے جب انہوں نے مسلم لیگ (ن)کے حق میں فیصلہ دیا تھا توتب اچھے تھے،لگتا ہے حکمراں جماعت کے دباؤ کی جہ سے ججز کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات